مینس کم میرٹ اسکالر شپ

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : معاشی طور پر کمزور و پسماندگان ہونہار طلبہ کے لیے معاشی مدد کرنے اور ترک تعلیم طلبہ کے فیصد کو کم کرنے کی غرض سے مرکزی حکومت نے اسکیم کا آغاز کیا ہے ۔ نیشنل مینس کم میرٹ اسکالر شپ ( این ایم ایم ایس ) اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ بالخصوص 8 ویں جماعت تا انٹر میڈیٹ کے طلبہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں تعلیم جاری رکھنے کا موقع فراہم کرتے ہوئے اسکالر شپ دی جارہی ہے ۔ اس اسکیم کے تحت قومی سطح پر سالانہ ایک لاکھ افراد کو مرکزی حکومت اس اسکالر شپ کو جاری کرے گی ۔

۔ 12 ہزار روپئے اسکالر شپ
اس اسکیم کے تحت اہل امیدواروں کو ماہانہ ایک ہزار روپئے کے حساب سے سالانہ 12 ہزار روپئے اسکالر شپ دی جائے گی ۔ 9 ویں جماعت سے انٹر میڈیٹ کی تکمیل تک یہ اسکالر شپ فراہم کی جائے گی ۔ 9 ویں تا 10 ویں جماعت تک اسکالر شپ جاری رہنے کے لیے 55 فیصد نشانات لازمی ہوں گے ۔ اس طرح دسویں جماعت میں 60 فیصد نشانات حاصل کرنے پر انٹر سال اول میں اسکالر شپ جاری رہے گی ۔ انٹر سال اول میں 55 فیصد نشانات حاصل کرنا ہوگا ۔ جس کے سبب سال دوم میں اسکالر شپ جاری رہے گی ۔ اس کے لیے ہر سال طلبہ کو اسکالر شپ ( تجدید ) رینول کروانا ہوگا ۔ اہلیت کے لیے 7 ویں جماعت میں کم از کم 55 فیصد نشانات یا پھر اس کے مساوی گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ ہی این ایم ایم ایس امتحان کے لیے اہل ہوں گے ۔ قطعی انتخاب ہونے تک 8 ویں میں 55 فیصد نشانات ہونے چاہئیں ۔۔
سرکاری ایڈیڈ ، مجالس مقامی کے تعلیمی اداروں میں ریگولر طریقہ پر زیر تعلیم ہو ۔ نوودیا ، کیندریہ اسکولس سینک اسکولس ، ریاست حکومت کے زیر نگرانی تمام اقسام کے ریزڈینشل اسکولس کے طلبہ اسکالر شپ کے مستحق ہوں گے ۔ اس طرح خانگی اسکولس میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے یہ اسکالر شپ اسکیم عائد نہیں ہوگی ۔ طالب علم کے خاندان کی سالانہ آمدنی 1,50,000 روپئے سے زائد نہ ہو ۔۔

انتخاب کا طریقہ کار
تحریری امتحان کے ذریعہ طالب علم کو اسکالر شپ کے لیے منتخب کیا جائے گا ۔ ریاستوں کے لحاظ سے مقررہ وقت اور طریقہ کار سے اسکالر شپ کی تعداد کا فیصلہ کیا جائے گا اور ریاستوں کے لحاظ سے شرائط پر عمل کرتے ہوئے ریزویشن پر عمل کیا جائے گا ۔۔

تحریری امتحان
اس اسکالر شپ کے لیے امیدواروں کا انتخاب کرنے کے لیے ریاستی سطح پر تحریری امتحان کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا ۔ اس تحریری امتحان کے تحت دو پرچہ ہوں گے ۔
٭ منٹل ایبلیٹی ٹسٹ ( میاٹ ) : اس پرچہ کے تحت وربل اور نان وربل ریزنگ کریٹیکل تھینکنگ سے 90 سوالات اور 90 نشانات ہوں گے ۔
٭ سکالسٹک اپٹیٹویڈ ٹسٹ ( شاٹ ) : اس پرچہ کے تحت 90 سوالات اور 90 نشانات رہتے ہیں۔ 7 ویں اور 9 ویں جماعت میں دی گئی تعلیمی نصاب پر مبنی سائنس ، سوشیل ، میاتھس سے متعلق سوالات ہوں گے
امتحان کا وقت : ہر امتحان کیلئے 90 منٹ کا وقت دیا جائے گا ۔

درکار نشانات
دو امتحانات ( میاٹ ۔ شاٹ ) میں جنرل کیٹاگیری کے امیدواروں کے لیے 40 فیصد نشانات ایس سی ، ایس ٹی طلبہ کے لیے 32 فیصد نشانات اسکالر شپ اہلیت کے لیے درکار ہوں گے ۔ ہر ضلع کو ایک یونٹ کے طور پر مقرر کرتے ہوئے ریاستی حکومت شرائط کے مطابق ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی معذورین ریزرویشن کے لحاظ سے کامیاب طلبہ کی میرٹ فہرست تیار کرے گی ۔

درخواست کا طریقہ کار
ریاستی حکومت کے بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن کے ویب سائیٹ سے آن لائن درخواست کو متعلقہ اسکولس کی جانب سے کرنی ہوگی ۔ جس کے بعد ان درخواستوں کے پرنٹ آوٹس ، انکم اور کاسٹ سرٹیفیکٹ کی کاپیاں اٹیسٹیڈ کاپیوں کو ڈی ای او کو روانہ کریں ۔ اس کے علاوہ ہر طالب علم کے لیے امتحان کی فیس 100 روپئے ایس بی آئی چالان کی شکل میں ادا کرنی ہوگی ۔

اسکالر شپ راست کھاتے میںمنتقلی
اس اسکالر شپ کے لیے منتخب طلبہ اپنے والدین کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ اکاونٹ ایس بی آئی میں کھلوانا چاہئے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کردہ فہرست کے مطابق ہر تین ماہ میں ایک مرتبہ 3 ہزار روپئے امیدوار کے بینک کھاتے میں جمع کئے جائیں گے ۔
اہم معلومات : درخواست کا طریقہ کار ۔ آن لائن کے ذریعہ درخواست دینی ہوگی ۔ درخواست دینے کی آخری تاریخ 15-11-2021 ۔ تلگو ریاستوں سے متعلق ویب سائیٹ bseap.org ، telangana.gov.in پر ملاحظہ کریں ۔۔ ع