مینونائٹ برادرن چرچ کی گورننگ کونسل کی وزیر محمد اظہر الدین سے ملاقات

   

نئی کمیٹی کا تعارف اور چرچ اراضیات کے تحفظ کی درخواست، وزیر نے تعاون کا تیقن دیا

حیدرآباد۔ 25 نومبر (سیاست نیوز) مینونائٹ برادرن چرچ آف انڈیا کانفرنس کی نو منتخب گورننگ کونسل کے ایک وفد نے آج ریاستی وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین سے ملاقات کی اور حالیہ انتخابات کے بعد تشکیل دی گئی نئی کمیٹی کے سلسلہ میں ایک تفصیلی نمائندگی پیش کی۔ وفد نے نو منتخب عہدیداروں صدر ڈاکٹر سی ایس جوئل، نائب صدر کے ای راجہ رتنم، جنرل سکریٹری اے شیام راؤ، اسسٹنٹ سکریٹری پرساد اور دیگر اراکین کا تعارف کروایا اور نئی کمیٹی کو سرکاری سطح پر تسلیم کرنے و تعاون فراہم کرنے کی درخواست کی۔نمائندوں نے محمد اظہر الدین کو تنظیم کی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کونسل 956 گرجا گھروں، تقریباً 3 لاکھ اراکین اور 10 ذیلی تنظیموں کی نمائندگی کرتی ہے۔ اس موقع پر کونسل کے صدر ڈاکٹر سی ایس جوئل نے جڑ چرلہ میں واقع چرچ کی تقریباً 58 ایکڑ اراضی اور طبی و مشنری خدمات سے وابستہ دیگر قیمتی جائیدادوں کے مبینہ ناجائز لین دین پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔محمد اظہر الدین نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ چرچ کی جائیدادوں کے معاملہ کے قانونی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر قانون کے مطابق بازیابی و بحالی کے لیے ضروری کارروائی کی جائے گی۔ وفد نے وزیر کے مثبت ردعمل اور حمایت کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کیا۔2