میونسپل ایکٹ سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں: کودنڈا ریڈی

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/20جولائی، ( سیاست نیوز) سابق رکن اسمبلی اور سابق صدر نشین حڈا ایم کودنڈا ریڈی نے اسمبلی میں میونسپل ایکٹ کی عجلت میں منظوری کا الزام عائد کیا اور کہا کہ چیف منسٹر نے اپنی مرضی مطابق اُمور کو قانون کی شکل دے دی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ میونسپل ایکٹ میں کئی خامیاں ہیں اور اس کی منظوری سے قبل وسیع تر مباحث کی ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اسمبلی میں بھی بل پر مباحث کا موقع نہیں دیا اور عجلت میں منظور کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بل پر چیف منسٹر کا بیان افسوسناک ہے۔ انہوں نے کئی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ بل میں ایچ ایم ڈی اے کی تجویز کہیں نہیں ہے۔ بلدیات میں ضلع کلکٹرس کے رول میں اضافہ کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کودنڈا ریڈی نے کہا کہ ضلع کلکٹرس پہلے ہی زائد کام سے نمٹ رہے ہیں اور ان کے تحت کئی کام زیر التوا ء ہیں ایسے میں اگر ان کی توجہ میونسپلٹیز کے اُمور پر مرکوز کردی گئیں تو ضلع میں نظم و نسق متاثر ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ سے متعلق ایک اتھارٹی کے قیام کا قانون منظور کیا گیا تھا لیکن تلنگانہ میں یہ کمیٹی قائم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ میونسل ایکٹ میں کئی خامیاں ہیں اور یہ سماج کے کسی بھی طبقہ کیلئے فائدہ مند نہیں۔ اجازت کے غیر پلاٹنگ کرنے والے افراد کی عمارتوں باقاعدہ بنایا جارہا ہے۔
کودنڈا ریڈی نے کہا کہ میونسپلٹی کے حقوق سلب کرتے ہوئے کلکٹر کو تمام اختیارات دیئے جانے سے صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔ ضلع کلکٹرس کیلئے میونسپلٹیز کا کام اضافی بوجھ رہے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ سماج کے مختلف ماہرین سے میونسپل ایکٹ پر رائے طلب کرے اور رائے کے مطابق قانون میں ترمیم کی جائے۔