2 اقلیتی ارکان بھی شامل، 3 سال سے تعطل کا شکار مسئلہ کی یکسوئی، صرف 15 ماہ میعاد باقی
ورنگل۔3 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کو آپشن ممبرس کا انتخاب ہوا جملہ 5 ارکان میں سے دو کا تعلق اقلیتی طبقے سے ہے۔ شہناز سلطانہ زوجہ محمد چاند پاشاہ ٹی آر ایس لیڈر 10 ڈیویژن صدر، عمر پاشاہ، بی وسندھرا، کولہ ونودہ، ایم بابورائو کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ورنگل میونسپل کارپوریشن کے جملہ 58 کارپوریشن میں سے 53 کا تعلق حکمران جماعت ٹی آر ایس سے ہے۔ سال 2016ء کونسل میٹنگ کے ہر محلہ میں کوآپشن ممبرس کا انتخاب ہونے والا تھا لیکن قائدین کی آپسی لڑائی اس کی دیری کی اہم وجہ تھی۔ بعدازاں اسمبلی انتخابات کے عمل کا آغاز ہوا۔ گریٹر ورنگل میئر این نریندر کو ورنگل ایسٹ حلقہ سے ٹی آر ایس نے امیدوار بنایا تھا۔ ان کی کامیابی کے بعد ڈپٹی میئر خواجہ سراج الدین کو انچارج میئر بنایا گیا۔ اسمبلی انتخابات کے بعد گونڈا پرکاش رائو کو مستقل میئر بنانے کے بعد انہوں نے کونسل میں کہا تھا کہ کوآپشن ممبر کا انتخاب تعطل کا شکار ہوچکا ہے۔ بہت جلد اس مسئلہ کی یکسوئی کی جاکر جلد سے جلد انتخاب کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔ مقامی قائدین کے اتفاق رائے کے بعد ہی ان منتخب ممبر کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ میونسپل انتخابات ہوکر تین سال سے زائد کا عرصہ ہوچکا ہے۔ اب 15 ماہ ہی رہیں گے ان 5 کوآپشن ممبر کے پاس۔ اس کے بعد کارپوریشن کی میعاد ختم ہوجائے گی ان ارکان کے انتخاب کے بعد بھی پارٹی کے دیگر سینئر قائدین میں ناراضگی دیکھی گئی۔ محمد چاند پاشاہ ٹی آر ایس کے قیام کے ساتھ ہی پارٹی سے وابستہ رہے تحریک تلنگانہ میں سرگرم رہے۔ کئی ایک احتجاجی پروگراموں میں حصہ لیا تھا ان کے نام پر تمام قائدین نے اتفاق ظاہر کیا۔ میناریٹی کو دو سیٹ دی گئیں ایک مرد اور ایک خاتون چاند بھائی کی اہلیہ شہناز سلطانہ کو کوآپشن ممبر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیا۔