میٹرو ریل مرحلہ دوم بی کی تجویز مرکز کو پیش

   

86.1 کیلومیٹر کا احاطہ ہوگا ۔ 19,579 کروڑ کے خرچ کا تخمینہ
حیدرآباد 21 جون ( سیاست نیوز ) تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت کو حیدرآباد میٹرو ریل مرحلہ دوم ( بی ) کی تجویز پیش کردی ہے ۔ ایک تفصیلی پراجیکٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی ہے ۔ مرحلہ دوم ( بی ) کے تحت حیدرآباد ائرپورٹسے فیوچر سٹی 39.6 کیلومیٹر ‘ جوبلی بس اسٹیشن سے میڑچل 24.5 کیلومیٹر اور جوبلی بس اسٹیشن سے شامیر پیٹ 22 کیلومیٹر فاصلہ کا احاطہ کرنے کی تجویز ہے ۔ فیوچر سٹی تک پراجیکٹ پر جملہ 7,168 کروڑ روپئے ‘ میڑچل تک پراجیکٹ کیلئے 6,946 کروڑ روپئے اور شامیر پیٹ تک پراجیکٹ کیلئے 5,465 کروڑ روپئے کے اخراجات کا تخمینہ ہے ۔ مرحلہ دوم ( بی ) پر جملہ 19,579 کروڑ روپئے کے اخراجات کا تخمینہ ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس مرحلہ میں جملہ 86.1 کیلومیٹر فاصلہ کا احاطہ کرنے کی تجویز ہے ۔ مرحلہ دوم ( اے ) کے تحت جملہ پانچ راہداریوں پر 76.4 کیلومیٹر فاصلہ کا احاطہ کیا جائیگا ۔ اسی طرح مرحلہ دوم ( بی ) بھی ریاستی اور مرکزی حکومت کا مشترکہ وینچر ہوگا ۔اس وینچر کے تحت ریاستی حکومت کو پراجیکٹ کا 30 فیصد ادا کرنا ہوگا ۔