مرکزی حکومت کے احکام کا انتظار ، بحالی کی تیاریاں شروع کرنے عملہ کو ہدایت
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے بعد اب جلد ہی ایم ایم ٹی ایس خدمات بحال کردی جائیں گی ۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں فراہم کی جانے والی رعایتوں کے دوران میٹرو ریل کا 7ستمبر کو آغاز کردیا گیا تھا اور اب جلد ہی ایم ایم ٹی ایس خدمات کو بحال کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کی توقع ہے اور کہا جارہا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی حکومت کے احکامات کا انتظار کیا جا رہاہے کہ تاکہ ایم ایم ٹی ایس کی خدمات کو بحال کیاجاسکے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ ریلوے کی جانب سے ایم ایم ٹی ایس ریل کے ڈبوں کی صفائی اور ان کو دوبارہ شروع کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کے آغاز کے سلسلہ میں کئے جانے والی کاروائیوں کو پورا کرنے کے لئے عملہ کو ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ آئندہ 15تا20 یوم کے دوران شہر حیدرآباد سے نواحی علاقوں تک چلائی جانے والی ایم ایم ٹی ایس خدمات کا آغاز کردیا جائے گا۔محکمہ ریلوے کے عہدیداروں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس (ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم ) کا استعمال کرنے والوں کی کافی بڑی تعداد ہے جو کہ ٹریفک سے پاک سفر کے عادی ہیں۔ ریاستی حکومت کے ذرائع کا کہناہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وزارت ریلوے کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس بات سے واقف کروایا جاچکا ہے کہ شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کے علاوہ آرٹی سی بسوں کی خدمات کا آغاز کیاجاچکا ہے اور عوام ان خدمات سے استفادہ کر رہے ہیں اسی لئے شہر حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس خدمات کو بھی دوبارہ بحال کیا جاسکتا ہے ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے وزارت ریلوے کو روانہ کردہ مکتوب کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ ایم ایم ٹی ایس جو کہ وزارت ریلوے کے تحت چلائی جاتی ہے اس کی خدمات کے احیاء کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی جانب سے جلد فیصلہ کیا جائے گا اور شہر حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس آئندہ ماہ کے تیسرے ہفتہ کے دوران پٹرویوں پر دوڑنے لگ سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایم ایم ٹی ایس خدمات کے آغاز سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ شہر کے مضافاتی علاقوں تک سفر کرنے والوں کو کافی سہولت حاصل ہوگی اور وہ ٹرین کی اس خدمات سے استفادہ کے ذریعہ حالات کو معمول پر لانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ شہر حیدرآباد میں ایم ایم ٹی ایس خدمات کے احیاء کے متعلق کہا جار ہاہے کہ ان خدمات کے آغاز کی ابتداء میں بھی کورونا وائرس سے حفاظت اور احتیاط کے علاوہ ماسک کے لزوم اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے شرائط کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔