میٹرو ٹرین کی بوگیوں کو سائیلنس زون میں تبدیل کرنے کی تجویز

   

ٹرین اور اسٹیشنوں میں بغیر ایئر فون کے ویڈیوز یا بات چیت کرنے پر مسافرین کا اعتراض

حیدرآباد۔19 ستمبر(سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل میں دوران سفر بغیر ائیر فون کے ویڈیوز دیکھنے یا اونچی آواز سے فون پر گفتگو پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے حکام کو دوران سفر مسافرین کی جانب سے بالخصوص نوجوانوں کی جانب سے ویڈیوز دیکھنے اور اونچی آواز سے گفتگو کرنے کی شکایات موصول ہورہی ہیں جس کے سبب دیگر مسافرین کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ بلڈ پریشر‘ ذہنی تناؤ کے علاوہ اختلاج قلب کے مریضوں کو دیگر ساتھی مسافرین کے اس عمل سے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ حیدرآباد میٹرو ریل حکام سے اس بات کی خواہش کر رہے ہیں کہ دوران سفر اونچی آواز میں ویڈیو دیکھنے یا فون پر بات چیت کرنے پر پابندی عائد کریں تاکہ ان کے سفر کے دوران انہیں کسی قسم کے چڑچڑے پن کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے اسٹیشنوں پر فراہم کئے جانے والے مفت وائی فائی کے استعمال کے علاوہ اپنے فون کا ڈاٹا استعمال کرتے ہوئے سفر کے دوران وقت گذاری کیلئے کچھ لوگ اپنے ساتھیوں سے گفتگو کرتے ہیں یا کچھ لوگ فون پر گفتگو میں مصروف ہوتے ہیں علاوہ ازیں بعض لوگ اپنے اسمارٹ فونس پر بغیر ائیر فون کے ویڈیوز دیکھتے ہیں یا گانے سنتے ہیں جو کہ ان مسافرین کے لئے تکلیف کا سبب بن رہا ہے جو پر سکون ماحول میں سفر کے لئے میٹرو ٹرین کا انتخاب کرتے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کے بعد حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے ٹرین کی بوگیوں کو سائیلنس زون میں تبدیل کرنے پر غور کیا جا رہاہے اور کہا جارہا ہے کہ اس سلسلہ میں میٹرو ریل کے مسافرین کیلئے پہلے شعور بیداری مہم چلائی جائے گی اور انہیں ان کی ان حرکات کے سبب دوسروں کو ہونے والی تکالیف کے سلسلہ میں واقف کروایا جائے گا تاکہ وہ خود سے ایسی حرکتوںکو ترک کردیں جو ساتھی مسافروں کے لئے تکلیف دہ ثابت ہورہی ہیں اور اس کے بعد میٹرو ٹرین کی بوگیوں کو سائیلنس زون قرار دیا جائے گا۔ M