گاڑیوں کی نمائش کی بھی سہولت ، قدیم گاڑیوں کی نئی آرائش و فروخت
حیدرآباد۔4مارچ(سیاست نیوز) موٹر سیکل سواروںکی اولین پسند تصور کی جانے والی رائیل انفیلڈ نے شہر حیدرآباد میں مستعملہ گاڑیوں کا شوروم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مستعملہ قدیم گاڑیوں کو اس شوروم کے ذریعہ فروخت کیا جائے گا۔ رائل انفیلڈ موٹر سیکل فروخت کرنے والی ایسی پہلی کمپنی ہے جس نے کمپنی کی جانب سے مستعملہ گاڑیوں کو فروخت کرنے کے لئے شوروم قائم کیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے ملک بھر میں 10 ایسے شورم قائم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جا رہاہے جہاں پر شائقین کے لئے قدیم گاڑیوں کی فروخت عمل میں لائی جائے گی اور ان گاڑیوں کو بھی فروخت کیا جائے گا جو کہ نئے طریقہ سے تیار کی گئی ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاقہ میٹو گوڑہ میں قائم کئے جانے والے اس شوروم میں قدیم گاڑیوں کے مالکین کو اپنی گاڑیوں کی نمائش و فروخت کا بھی موقع حاصل رہے گا اور شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست میں موجود قدیم رائل انفیلڈ گاڑیوں کی مارکٹ پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ مسٹر جیاپردیپ قومی بزنس ہیڈ نے بتایا کہ شہر حیدرآباد رائل انفیلڈ کے لئے ہمیشہ ترجیحی تجارتی مرکز رہا ہے اسی لئے قدیم مستعملہ گاڑیوں کو از سر نو تیار کرتے ہوئے فروخت کے منصوبہ کے ساتھ قائم کئے جانے والے شوروم کے قیام میں بھی حیدرآباد کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں بلیٹ گاڑیوں کے شوقین افراد کی تعداد اور قدیم طرز کی رائل انفیلڈ کے شائقین کو دیکھتے ہوئے مستعملہ اور قدیم گاڑیوں کو نئی کرتے ہوئے فروخت کرنے کے مکمل انتظامات کے ساتھ شوروم قائم کیا جارہا ہے اور اس شوروم میں توقع ہے کہ ہر دور کی رائل انفیلڈ موٹر سیکل موجود رہے گی۔