میچ 35-36 ڈاٹ بال کھیل کر نہیں جیتا جاسکتا:وارنر

   

ابوظہبی۔ سن رائزرس حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ہفتہ کو کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف آئی پی ایل میچ میں اپنی سات وکٹوں کی شکست پر اپنے بلے بازوں کی زیادہ محتاط رہنے پر سخت تنقید کی اور کہا کہ 35- 36 ڈاٹ بال کھیل کر میچ نہیں جیتا جاسکتا۔ حیدرآباد نے 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے جبکہ کولکتہ نے 18 اوور میں میچ جیت لیا تھا۔ وارنر نے میچ کے بعد انتہائی محتاط رہنے پر اپنے بلے بازوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بلے بازوں نے درمیانی اوورز میں کوئی جوش نہیں دکھایا۔ وارنر کا کہنا تھا کہ بلے بازوں کو حریف بالرز پر دباؤ بنانا چاہئے تھا اور درمیانی اوورز میں باؤنڈری لگانی چاہئے تھی ۔ کپتان نے کہا کہ انہیں بہت مایوسی ہوئی ہے کہ ان کے بلے بازوں نے زیادہ ڈاٹ بال کھیلیں۔ درمیانی اوورز میں بلے بازوں نے 35۔36 ڈاٹ بال کھیلیں جو ٹی 20 کرکٹ میں قابل قبول نہیں ہے ۔ بلے بازوں کو اپنا ذہنی نقطہ نظر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ حیدرآباد کے کپتان میچ میں ان اوورز کا حوالہ دے رہے تھے جب ردھمن ساہا (31 گیندوں پر 30) اور منیش پانڈے (38 گیندوں میں 51 رنز) کریز پر موجود تھے لیکن تیسری وکٹ کے لئے 62 رنز کی شراکت کے باوجود وہ رن ریٹ تیز نہیں کرسکے تھے ۔