حیدرآباد8 جون (سیاست نیوز) تمام نوجوانوں کی عمریں 20 سال سے کم تھیں شادی کی خوشی میں شریک یہ نوجوان تفریح کیلئے دریائے گوداوری کے کنارے نہانے گئے تھے لیکن اْن کی یہ خوشی جان لیوا ثابت ہوئی۔ یہ دل دہلا دینے والا واقعہ ہفتہ کے روز تلنگانہ کے بھوپال پلی ضلع کے مہادیوپور منڈل کے میڈی گڈہ بیرج کے قریب پیش آیاجہاں چھ نوجوان غرقاب ہوگئے ۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق، مہادیوپور منڈل کے امبت پلی گاؤں کے رہنے والے گولوگونڈہ ملّیا کے گھر دو روز قبل شادی ہوئی تھی۔ ہفتہ کی شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے رشتہ داروں میں سے آٹھ افراد ایک آٹو رکشہ میں بیٹھ کر میڈی گڈہ پہنچے۔ وہاں نہانے ایک نوجوان سب سے پہلے دریا میں اترا۔ جب وہ پانی میں ڈوبنے لگا تو اس کا بھائی اسے بچانے آگے بڑھا لیکن وہ خود بھی ڈوب گیا۔ ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش میں اسی طرح ایک کے بعد ایک 6 نوجوان اسی مقام پر پانی میں غرق ہوگئے۔ حادثے میں محفوظ ایک نوجوان نے یہ تفصیلات بیان کیں۔ متاثرین میں سے چار کا تعلق امبت پلی سے جبکہ دو کا تعلق کورل کنٹہ گاؤں سے تھا۔ پولیس کے مطابق حالیہ مرمت کے باعث بیرج کے اوپر گہرے گڑھے بن گئے تھے،جن کی گہرائی تقریباً 12 فٹ تک ہو سکتی ہے۔ حادثے کے وقت دریا میں تقریباً 4,500 کیوسک پانی بہہ رہا تھا جس سے نوجوانوں کی تلاش مشکل ہو گئی ہے۔ بچاؤ ٹیموں اور غوطہ خوروں کو طلب کیا گیا اور ریاستی سطح کی آفات سے نمٹنے والی چھ ٹیموں کو بھی تعینات کیا جا رہا ہے۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے واقعہ پر شدید رنج و غم کااظہار کیا ہے جبکہ کلکٹر راہول شرما اور ایس پی کرن کو فوری طور پر تلاشی مہم میں تیزی لانے احکام دیے ہیں۔ (ش)