حیدرآباد۔14 اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دفتر سے کمشنر پولیس کو شکایت کی گئی ہے کہ سوشیل میڈیا اور الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں گزشتہ دو دن سے پھیلائی جارہی وائس ریکارڈنگ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ تلنگانہ چیف منسٹر کے دفتر میں موجود ہیلپ لائن کو کسی شخص کی جانب سے فون کرنے اور اپنی رائے پیش کرنے کے بارے میں گزشتہ دو دنوں سے اخبارات اور چیانلس میں غلط خبریں پھیلائی جارہی ہیں۔ سوشیل میڈیا میں اسی طرح کا غلط پرچار کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے دفتر سے تعلق رکھنے والے کسی عہدیدار سے بات چیت کا تاثر دیتے ہوئے ’’جھوٹی آواز‘‘ تیار کی گئی۔ اسکے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی اور جھوٹے پرچار کو روکنے چیف منسٹر دفتر نے کمشنر پولیس سے شکایت کی ہے۔ واضح رہے کہ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے پس منظر میں سوشیل میڈیا پر یہ خبر وائرل کی گئی کہ کریم نگر کے ایک شخص نے چیف منسٹر کے دفتر سے بات کرتے ہوئے ایک عہدیدار کو اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔ ٹی وی چیانلس نے اس شخص کی آواز بھی سنائی جس میں اسے چیف منسٹر کے رویے پر تنقید کرتے سنا جاسکتا ہے۔