متعصب میڈیا سماج میں فرقہ پرستی کا زہر گھول رہا ہے : مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی : صدرجمعیۃ علماء ہند مولانا ارشدمدنی نے میڈیا ٹرائل سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدالت کی اس سخت ہدایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کیوں کہ متعصب میڈیا سماج میں نفرت کا زہر گھول رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند 7اپریل 2020 کو کورونا وائرس کو مرکز نظام الدین سے جوڑ کر تبلیغی جماعت سے وابستہ لوگوں اور بالخصوص مسلمانوں کی شبیہ داغدار کرنے اور ہندو و مسلمانوں کے درمیان نفرت پھیلانے کی دانستہ سازش کرنے والے متعصب ٹی وی چینلوں اور فرقہ پرست پرنٹ میڈیا کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کررکھی ہے ،جس پر اب تک 15 سماعتیں ہو چکی ہیں،جس میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے سینئر ایڈوکیٹ دشینت دوے اور سنجے ہیگڑے اور دیگر وکلاء پیش ہوتے رہے ہیں لیکن اب تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں آیا ہے ،کیونکہ مرکزی حکومت ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے ،مگرہماری متعصب میڈیا پر لگام کسنے کی جدوجہد مثبت نتیجہ آنے تک جاری رہے گی۔