میڑچل میں 100 ایکر اراضی کے لئے 35 غیر قانونی رجسٹریشن

   

اے سی بی تحقیقات میں انکشاف، ای راجندر اراضی معاملہ کی جانچ میں شدت
حیدرآباد: ملکاجگری ضلع کے دیورا یمجال میں انڈومنٹ کی اراضی پر ناجائزہ قبضوں کے معاملہ میں اے سی بی تحقیقات میں مزید انکشافات ہوئے ہیں۔ حکومت نے انڈومنٹ اراضی پر قبضے کی جانچ کے لئے اے سی بی کے علاوہ آئی اے ایس عہدیداروں کی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ تحقیقات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ سری سیتا راما سوامی مندر کی اراضی پر تقریباً 35 رجسٹریشن کئے گئے ہیں۔ حالانکہ یہ اراضی انڈومنٹ کی ہے۔ اے سی بی عہدیداروں اور ویجلنس عہدیداروں نے آئی اے ایس عہدیداروںکی کمیٹی کے روبرو انکشاف کیا ہے کہ انڈومنٹ کی تقریباً 100 ایکر اراضی غیر قانونی طور پر قبضہ کی گئی ہے۔ سابق وزیر صحت ای راجندر کی جانب سے انڈومنٹ اراضی پر قبضہ کی شکایت کے بعد چیف منسٹر نے تحقیقات کا اعلان کیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران گزشتہ چار برسوں میں 100 ایکر سے متعلق 35 غیر قانونی رجسٹریشن کا انکشاف ہوا ہے۔ سب رجسٹرار دفتر سے تمام تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ عہدیداروں کے مطابق شاہ میر پیٹ سب رجسٹرار آفس میں 23 اور سکندرآباد سب رجسٹرار آفس میں 11 رجسٹریاں کی گئیں۔ ایک رجسٹری عدالتی احکامات کی تعمیل میں کی گئی ہے۔ اینٹی کرپشن بیورو اور ویجلنس کے عہدیداروں نے رجسٹریشن سے متعلق فائلوں اور متعلقہ دستاویزات کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے ۔ آئی اے ایس عہدیداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر چیف منسٹر کارروائی سے متعلق فیصلہ کریں گے ۔