میلبورن، 4 مارچ (آئی اے این ایس) آسٹریلیا کے تجربہ کارآل راؤنڈر گلین میکسویل نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہنے کے لیے تیار نہیں ہیں اور 2028 کے ٹی20 ورلڈکپ اور لاس اینجلس اولمپکس کو اپنے مستقبل کے منصوبوں میں شامل رکھے ہوئے ہیں۔37 سالہ میکسویل 2028 میں آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے وقت 40 برس کے ہوں گے۔ یہ ٹورنمنٹ لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کے چند ماہ بعد مقرر ہے۔ حالیہ ٹی 20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے اور میکسویل کی ذاتی فارم میں کمی کے بعد ان کے کیریئر کی طوالت پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، تاہم جارحانہ آل راؤنڈر نے کہا ہے کہ وہ اپنے مستقبل سے متعلق کوئی جلد بازی میں فیصلہ نہیں کریں گے۔ آج یہاں میلبورن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میکسویل نے کہا ہے کہ میرے خیال میں اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ نہ کرنا زیادہ تر آئندہ 12 ماہ کے شیڈول کو دیکھتے ہوئے ہے۔ اس دوران زیادہ ٹی 20 کرکٹ طے نہیں ہے، اس لیے کسی باضابطہ اعلان کی ضرورت نہیں۔ میں دیکھوں گا کہ میرا جسم کیسا ردعمل دیتا ہے اور میں کیسا محسوس کر رہا ہوں۔ اگر مستقبل میں کھیلنے کا موقع ملا تو امید ہے کہ میں مکمل فٹ اور بھرپور فارم میں ہوں گا۔یادرہے کہ میکسویل پہلے ہی ونڈے سے کنارہ کشی اختیار کرچکے ہیں اور اب ان کی توجہ ٹی 20 ورلڈ کپ پر مرکوز ہے ۔