میگھالیہ میں سی اے اے کے مسئلہ پر تشدد ، ایک ہلاک

,

   

متعدد زخمی ، شیلانگ میں کرفیو نافذ ، انٹرنیٹ سرویس معطل
شیلانگ۔ 29 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شہریت ترمیمی قانون پر ایک اجلاس کے دوران کاربی اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن (کے ایس اے) اور غیرقبائلیوں کے درمیان جھڑپ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا جس کے بعد میگھالیہ کے 6 اضلاع میں کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ صورتحال کے معمول پر آنے کے بعد ہفتہ کو کرفیو میں نرمی کی گئی تھی، لیکن موبائیل انٹرنیٹ پر پابندی برقرار ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کرفیو اُٹھانے کے باوجود شہر میں بیشتر دکانات اور تجارتی ادارے بند ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہند۔ بنگلہ دیش سرحد کے قریب مشرقی قاسی علاقہ کے اچامتی میں ایرلائن پرمٹ کی حمایت اور شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جمعہ کو یہ اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں جھڑپ کے بعد کرفیو نافذ کردیا گیا تھا۔ میگھالیہ کے گورنر نے امن کی برقراری اور افواہوں پر دھیان نہ دینے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے دوپہر میں دوبارہ کرفیو نافذ کردیا گیا اور حساس علاقوں میں زائد فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔