میں آتش فشاں پہاڑ ہوں: کے سی آر

   

دختر جیل میں ہونے کا غم باپ ہی جانتا ہے، بی آر ایس مقننہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔ 23 جولائی (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن کے سی آر نے کہا کہ وہ آتش فشاں پہاڑ کی طرح ہیں۔ ان کی دختر کویتا کو سیاسی انتقام کے طور پر جیل میں رکھا گیا ہے۔ دختر جیل میں رہنے سے وہ بہت غمزدہ ہیں۔ کتنی بھی سازش کرلیں وہ دلیری سے اس کا مقابلہ کریں گے۔ اپوزیشن کا سامنا کرنے میں ناکام بی جے پی حکومت سیاسی کھیل کھیل رہی ہے۔ بی جے پی کی کارروائی جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہے۔ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس مقننہ پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ ان حالات اور واقعات سے مایوس یا خوفزدہ نہیں ہیں۔ کے سی آر پارٹی ارکان اسمبلی و کونسل کو تازہ حالات سے واقف کراتے ہوئے جذباتی ہوگئے اور کہا کہ اس سے زیادہ مشکل اور نازک حالات میں تلنگانہ ریاست حاصل کی گئی ہے۔ اس اجلاس میں کے سی آر نے بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت اور ریونت ریڈی کے 7 ماہی دور حکومت کا تقابل کرکے کہا کہ بی آر ایس کی 10 سال بعد عوامی مخالفت شروع ہوئی تاہم کانگریس حکومت 7 ماہ میں عوامی مخالفت کا سامنا کررہی ہے۔ سربراہ بی آر ایس نے کہا کہ کانگریس حکومت کا ہنی مون ختم ہوگیا ہے۔ اب عوام کے درمیان پہنچ کر حکومت کو جھنجھوڑنے کا وقت آگیا ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں حکومت کو گھیرنے اس اجلاس میں حکمت عملی تیار کی گئی اور کے سی آر نے مشورے بھی دیئے، ساتھ ہی بی آر ایس ارکان اسمبلی کی کانگریس میں شمولیت پر کہا کہ اس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کانگریس چار ارکان اسمبلی سے اقتدار حاصل کرسکتی ہے تو بی آر ایس اس سے زیادہ مستحکم ہے۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات ناراض ہیں اور ہر گذرتے دن کے ساتھ حکومت کے خلاف عوام کی ناراضگی میں اضافہ ہوگا اور بی آر ایس کا مستقبل روشن ہوگا۔ 2