’’میں شاہ رخ خان ہوں تو سلیم خان کی وجہ سے ہوں‘‘

   

ممبئی ، 22 فبروری (ایجنسیز) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سلمان خان کے والد اور اسکرین رائٹر سلیم خان کے تعلق سے کہا کہ میں اگر آج شاہ رخ خان ہوں تو سلیم خان کی وجہ سے ہوں۔ بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کے والد اور معروف اسکرین رائٹر سلیم خان کو برین ہیمرج کے بعد تشویشناک حالت میں ممبئی کے لیلاوتی ہاسپٹل سے رجوع کیا گیا ور بعدازاں انہیں آئی سی یو منتقل کردیا گیا۔ 90 سالہ سلیم خان وینٹی لیٹر پر ہیں اور ڈاکٹرز اُن کی مسلسل نگرانی کررہے ہیں۔ اس دوران سلیم خان کے اہلِ خانہ اہلیہ سلمیٰ خان اور ہیلن، بیٹے سلمان خان، ارباز خان اور سہیل خان مسلسل ان کے ساتھ ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر جلیل ڈی پارکر کے مطابق برین ہیمرج بہت معمولی تھا، سلیم خان کا ایک چھوٹا سا پروسیجر کیا گیا جو کامیاب رہا اور ان کی طبعیت اب بہتر ہے، مگر وہ ابھی وینٹی لیٹر پر ہیں، پیرانہ سالی کے پیش نظر صحت یابی میں کچھ وقت لگے گا۔ سلیم خان کی طبیعت سے متعلق خبر وائرل ہوتے ہی شاہ رخ خان کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہوگیا جس میں اداکار کے جذباتی الفاظ نے مداحوں کو متاثر کر دیا۔ شاہ رخ خان نے سلمان خان کے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ میں آج شاہ رخ خان ہوں تو سلیم خان کی وجہ سے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ ممبئی میں جدوجہد کررہے تھے تو اکثر ان کا کھانا سلمان خان کے گھر ہوتا تھا جہاں سلیم خان ان کی بہت حوصلہ افزائی کرتے تھے اور انہی کی وجہ سے میں ’شاہ رخ خان‘ بن سکا۔