معاشی خرابیوں کیلئے وزیرفینانس سیتارامن کی تنقیدوں پر سابق گورنر آر بی آئی راجن کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) آر بی آئی کے سابق گورنر رگھورام راجن نے جو ہندوستانی بنکنگ شعبہ کی ’’بدترین دور‘‘ کی قیادت کرنے پر وزیرفینانس نرملا سیتارامن کی شدید تنقیدوں کا سامنا کررہے ہیں جواب میں وزیرفینانس کو یاد دلایا کہ آر بی آئی گورنر کی حیثیت سے ان کی میعاد کا ایک تہائی حصہ بی جے پی حکومت میں گذرا ہے۔ رگھورام راجن جو 5 ستمبر 2013ء تا ستمبر 2016ء تک آر بی آئی گورنر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی معیاد کے دوران انہوں نے بینکنگ شعبہ کو بہتر بنایا اور قرض ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی گئی اور یہ کام ادھورا رہ گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اصلاحات کے نئے دور کو شروع کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معاشی ترقی کو آگے بڑھایا جاسکے۔ جی ڈی پی شرح پیداوار کو 5 فیصد سے آگے لے جایا جائے۔ اس وقت ہندوستان ایک خراب معاشی سست روی سے دوچار ہے۔ ان کی میعاد میں بینکنگ نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے اور انہوں نے سابق کانگریس حکومت میں صرف 8 ماہ خدمت کی ماباقی 26 ماہ اس بی جے پی حکومت میں خدمت انجام دی تھی۔ میری میعاد کا بڑا حصہ آر بی آئی گورنر کی حیثیت سے اس حکومت بی جپی کے تحت پورا ہوا ہے مجھ پر خراب معیشت کو فروغ دینے کا الزام سراسر غلط ہے۔ ان سے اس ماہ کے اوائل میں نیویارک میں وزیرفینانس سیتارامن کے تبصروں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر سیاسی بحث چھڑنا نہیں چاہتے۔ سیتارامن نے نیویارک میں کہا تھاکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور راجن کی ملی جلی مدت کے دوران ہندوستان کے پبلک سیکٹر بینکوں کا بدترین دور تھا۔ اس پر راجن نے مزید وضاحت کی کہ میں اس مسئلہ پر سیاسی بحث کا موضوع بننا نہیں چاہتا۔ تاہم حقیقت تو یہ ہیکہ ہم نے بینکنگ شعبہ کے اندر پائی جانے والی خرابیوں کو دور کیا صفائی کا کام انجام دیتے ہوئے قرض لیکر غائب ہونے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی اور یہ کارروائی اب بھی جاری ہے۔ ضرورت اس بات کی ہیکہ اس کارروائی کو فوری مکمل کرلیا جائے اور قرض کی رقومات کو واپس حاصل کرلیا جائے۔ اگر آپ ایک مضبوط ترقی اور پائیدار چاہتے ہیں تو آپ کو مالیاتی سسٹم میں صفائی لانے کی ضرورت ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی نیویارک میں سیتارامن نے کہا تھا کہ راجن کے دورمیں ہی ملک کا بینکنگ نظام خراب ہوا تھا اس کو اب نریندر مودی حکومت درست کررہی ہے۔ راجن نے اپنے سابق بیان میں کہا کہ مودی حکومت معیشت کو بہتر بنانے کیلئے کچھ نہیں کررہی ہے کیونکہ یہ حکومت اختیارات میں قطعی مرکزیت رکھتی ہے اور اس قیادت میں بینکوں کے بڑے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے۔