ریاض : ہندوستان اورسعودی عرب نے نئی اورقابل تجدید توانائی کے شعبے میں ایک دوسرے کے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے پراتفاق کیاہے ۔ گذشتہ روز اپنے دورے کے دوسرے دن بجلی اور نئی اورقابل تجدیدتوانائی کے مرکزی وزیر آرکے سنگھ نے سرمایہ کاری کے سعودی وزیر خالدالفالح کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کا انعقادکیا۔ بعد میں مسٹر سنگھ نے سعودی کاروباری شخصیات اورسرمایہ کاروں کے اجتماع سے خطاب کیااور انھیں ہندوستان کے نئی اورقابل تجدیدتوانائی کے شعبوں جیسے شمسی توانائی ونڈپاورگرین ہائیڈروجن وغیرہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔ اس میٹنگ میں سعودی عرب کے سبھی بڑے کاروباری گھرانوں بشمول اے سی ڈبلیو اے پاور، الفنار، اے ڈبلیو جے انرجی ، المجدوعی ، عبدالکریم الجومیہ انرجی اینڈواٹرکمپنی ، کانو انڈسٹریل ایندانرجی ، ایل اینڈ ٹی ، نیسما رینیوایبل انرجی ، پیٹرومن ، نیکسٹ جین انفرا نے شرکت کی ۔ انویسٹ انڈیا نے بجلی کے شعبے کے بارے میں ایک مختصر پریزینٹیشن پیش کی، جہاں پرسعودی عرب کے کاروباری گھرانے ہندوستان میں ممکنہ طورپرسرمایہ کاری کرسکتے ہیں ۔ میٹنگ کے دوران آرای جنریشن پروجیکٹ ، انرجی اسٹوریج ، الیکٹریسٹی ٹرانسمیشن اورگرین ہائیڈروجن جیسے شعبوں میں ہندوستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پرروشنی ڈالی گئی ۔وفدکے ساتھ مسٹر آرکے سنگھ نے ریاض میں سدیرسولرپاورپلانٹ کا بھی دورہ کیا ۔ یہ پلانٹ سعودی عرب کی راجدھانی میں سب سے بڑا سولرپلانٹ ہے اوراس کا کام ہندوستانی کمپنی کے ذریعہ کیاجاتاہے ۔ سعودی -انڈیابزنس کونسل نے وزیرموصوف کے اعزاز میں ایک عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔