ممتاز احمد خاں عبوری اسپیکر ، منتخب ارکان کی حلف برداری ، اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اور مشترکہ اجلاس سے گورنر کے خطاب کا پروگرام
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ اسمبلی کا 17 تا 20 جنوری تک اجلاس منعقد ہوگا ۔ مجلس کے رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں پروٹم اسپیکر کی حیثیت سے اسمبلی کے لیے منتخب ہونے والے نئے ارکان کو حلف دلائیں گے ۔ 18 جنوری کو اسپیکر اسمبلی کا انتخاب ہوگا ۔ 19 جنوری کو گورنر اسمبلی میں دونوں ایوانوں کے ارکان سے مشترکہ طور پر خطاب کریں گے ۔ 20 جنوری کو گورنر خطبہ پر اظہار تشکر مباحث ہوگی ۔ ریاست میں 7 دسمبر کو رائے دہی ہوئی تھی ۔ 11 دسمبر کو نتائج برآمد ہوئے ۔ 13 دسمبر کو کے سی آر نے چیف منسٹر کا حلف لیا تھا اور کابینہ میں صرف محمد محمود علی کو شامل کرتے ہوئے انہیں وزارت داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے ۔ نئے ارکان اسمبلی کو حلف دلانے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب کرنے کے لیے 17 تا 20 جنوری تک اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر نے سکریٹری اسمبلی اور دوسرے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کے انعقاد پر غور و خوص کیا ہے ۔ 16 جنوری کو شام 5 بجے گورنر نرسمہن اسمبلی کے لیے چھٹویں مرتبہ منتخب ہونے والے اسمبلی حلقہ چارمینار مجلس کے رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں کو پروٹم اسپیکر کی حیثیت سے حلف دلائیں گے ۔ 17 جنوری کو صبح 11-30 بجے پروٹم اسپیکر کی صدارت میں اسمبلی اجلاس کا آغاز ہوگا ۔ تمام نو منتخب ارکان اسمبلی کو ممتاز احمد خاں حلف دلائیں گے ۔ تقریبا 2 گھنٹے تک یہ کارروائی جاری رہے گی ۔ بعد ازاں جوبلی ہالس کے احاطے کونسل کے لان میں ارکان اسمبلی کے لیے لنچ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ 17 جنوری کو ہی اسپیکر کے انتخاب کے لیے الیکشن نوٹیفیکشن جاری کیا جائے گا اور پرچہ نامزدگیاں بھی قبول کی جائیں گی ۔ 18 جنوری کو اسپیکر کا انتخاب ہوگا ۔ اس کے بعد منتخب ہونے والے نئے اسپیکر کو چیف منسٹر کے سی آر اور اپوزیشن قائدین اسپیکر کی کرسی پر بیٹھائیں گے ۔ اس کے بعد نو منتخب اسپیکر کی صدارت میں اسمبلی کی کارروائی جاری رہے گی ۔ بعد ازاں اسپیکر بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کریں گے ۔ 19 جنوری کو گورنر اسمبلی اور کونسل کے ارکان سے مشترکہ طور پر خطاب کریں گے ۔ 20 جنوری کو گورنر کے خطبہ پر اظہار تشکر مباحث ہوگی اور ایک قرار داد پیش کرتے ہوئے اس کو منظور کیا جائے گا ۔ ممتاز احمد خاں کو پروٹم اسپیکر بنانے پر صدر مجلس اسد الدین اویسی نے اپنے ٹوئیٹر اکاونٹ کے ذریعہ چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا ہے ۔۔