65 سال یا زائد عمر کے عازمین کو اب تنہا حج کرنے کی اجازت نہ ہوگی
حج کمیٹی کے ذریعہ ،زندگی میں صرف ایک بار حج کی اجازت
نئی دہلی : مرکزی حکومت نے نئی حج پالیسی متعارف کرانے کا آج اعلان کردیا ہے جس کے تحت تازہ طور پر مجموعی حج کوٹہ کا 70 فیصد حج کمیٹی آف انڈیا کے پاس ہوگا جبکہ 30 فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے پاس ہوگا۔ اس سے قبل حج پالیسی کے تحت سرکاری کوٹہ 80 فیصد تھا جس میں 10 فیصد کی کمی کی گئی۔ وہیں سعودی عرب سے طئے شدہ حج معاہدے کے تحت جملہ کوٹہ میں سے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو 30 فیصد کوٹہ دیا جائے گا ۔ یہ گذشتہ کے مقابلہ 10 فیصد زیادہ ہے۔نئی پالیسی کے مطابق 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے درخواست گذار جو حج پر جانا چاہتے ہیں وہ اب اکیلے حج پر نہیں جاسکیں گے ۔ اُن کیلئے ضروری ہوگا کہ وہ اپنے ساتھ کسی رشتہ دار کو بطور مددگار لے جائیں ۔نئی حج پالیسی میں 65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے عازمین حج کو اکیلے حج پر جانے کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا۔ اس کے ساتھ غیرمحرم کیٹیگری میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کی خواتین کیلئے اپنے ساتھ خاتون ساتھی کو لے جانا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ نئی حج پالیسی میں حج کمیٹی کے ذریعہ زندگی میں صرف ایک بار حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ایک کور کیلئے زیادہ سے زیادہ 5 بالغ اور 2 بچے ایک ساتھ درخواست دے سکیں گے ۔ سعودی عرب میں حج کے دوران عازمین کی مدد کے لیے بھیجے جانے والے خادم الحجاج کا عہدہ نئی حج پالیسی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ خادم الحجاج کو اب اسٹیٹ حج انسپکٹر کا نام دیا گیا ہے۔