نئی عمارتوں کے بجائے ہاسپٹلس کی ضرورت: کودنڈا رام

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ جنا سمیتی مجالس مقامی کے انتخابات میں حصہ لے گی
حیدرآباد ۔ 26۔جون (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ ریاست کو نئی عمارتوں کی نہیں بلکہ ہاسپٹلس اور طلبہ کیلئے ہاسٹلس کی عمارتوں کی ضرورت ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ حکومت کو اسمبلی اور سکریٹریٹ کی نئی عمارتوں کے بجائے عوام کی ضرورتوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد جسے عالمی شہر بنانے کا دعویٰ کیا جارہا ہے، ایک معمولی بارش میں ٹریفک نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔ شہر میں پانی کی نکاسی کا کوئی منظم سسٹم نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ دریاؤں کے پانی کے استعمال کے نام پر تلنگانہ اور آندھراپردیش ریاست کی تقسیم کے مسائل کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی سے ارکان اسمبلی کے انحراف پر کودنڈا رام نے کہا کہ شخصی مفادات کے لئے ارکان نے ٹی آر ایس میں انحراف کیا ۔ 13 جولائی کو تلنگانہ جنا سمیتی کا پلینری سیشن منعقد ہوگا۔ مجوزہ بلدی انتخابات میں تلنگانہ جنا سمیتی حصہ لے گی۔