نئے اراضی قانون بھو بھارتی کا چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آغاز کیا

   

وزراء و ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس، اندراماں ہاؤزنگ پر عمل میں شفافیت کی ہدایت، گرما میں برقی و پانی کی مؤثر سربراہی
حیدرآباد 14 اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اراضیات سے متعلق نئے قانون بھو بھارتی کا آغاز کیا۔ بی آر ایس دور حکومت کے دھرانی پورٹل کے متبادل کے طور پر حکومت نے بھو بھارتی پورٹل تیار کیا ہے تاکہ اراضی تنازعات کی بہ آسانی یکسوئی ہوسکے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزراء اور ضلع کلکٹرس کی موجودگی میں بھو بھارتی پورٹل کا آغاز کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی، ریاستی وزراء کونڈہ سریکھا، جوپلی کرشنا راؤ، پونم پربھاکر، سرینواس ریڈی، اتم کمار ریڈی، سریدھر بابو، دامودر راج نرسمہا، حکومت کے مشیر محمد علی شبیر، چیف سکریٹری شانتی کماری اور دیگر عہدیدار اِس موقع پر موجود تھے۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ منڈل کی سطح پر شعور بیداری اجلاس منعقد کئے جائیں جس میں خود ضلع کلکٹرس شرکت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ کسانوں کی اراضیات کے تحفظ کے لئے بھو بھارتی قانون جامع طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ قانون کے بارے میں کسانوں اور عوام کو شعور بیداری کے لئے منڈل کی سطح پر اجلاس منعقد کئے جائیں۔ ڈاکٹر ایم چناریڈی ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر نے بھو بھارتی کے علاوہ اندراماں ہاؤزنگ اور موسم گرما کے ایکشن پلان کا جائزہ لیا۔ اُنھوں نے اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے استفادہ کنندگان کے انتخاب میں شفافیت سے کام لینے کی ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے کہاکہ بھو بھارتی قانون کے بارے میں ماتحت عہدیداروں کو تفصیلات سے واقف کرایا جائے۔ سابق میں ریونیو عہدیداروں کی عدم واقفیت کے نتیجہ میں اراضی کے تنازعات میں اضافہ ہوا۔ بھو بھارتی پر عمل آوری کے لئے پائلٹ پراجکٹ کے طور پر نارائن پیٹ ضلع میں مدور، کھمم ضلع میں نیلا کونڈہ پلی اور کاماریڈی ضلع میں لنگم پیٹ، ملگ ضلع میں وینکٹ پور منڈلوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان منڈلوں میں ریونیو سدسو کے نام پر شعور بیداری اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے سلسلہ میں درخواستوں کی جانچ کے بعد انچارج وزیر کے ذریعہ منظوری حاصل کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر اسمبلی حلقہ میں استفادہ کنندگان کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور 3500 مکانات منظور کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے موسم گرما میں ریاست بھر میں پانی اور برقی کی مؤثر سربراہی کے لئے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ شخصی طور پر اِن مسائل کا جائزہ لیں۔ حیدرآباد اور اُس کے اطراف کارپوریشنوں کے علاوہ شہری علاقوں میں پینے کے پانی کی سربراہی کے مؤثر انتظامات کی چیف منسٹر نے ہدایت دی۔1