بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیراعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے نئے زرعی قوانین کو کسانوں کے حق میں سود مند قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ ان کی وجہ سے ریاست کے ضلع ہوشنگ آباد میں کسانوں کو 24 گھنٹے میں راحت ملی ہے ۔ چوہان نے ٹویٹر پر لکھا ہے کہ کسانوں کے مفادات کی حفاظت ہی نئے زرعی قوانین کا مقصد ہے ۔ یہ بتاتے ہوئے انہوں نے مسرت کا اظہار کیاکہ ضلع ہوشنگ آباد کے کسانوں کو اس قانون کے سبب 24 گھنٹے کے اندر انصاف ملا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہوشنگ آباد ضلع انتظامیہ نے اس رپورٹ کی اطلاع ہونے پر فوراً کاروائی کی۔ ضلع کے پیپریا واقع سب ڈویژنل مجسٹریٹ کورٹ نے سمن جاری کرکے فارچون رائس لمیٹیڈ کے نمائندے کو 24 گھنٹے کے اندر جواب دینے کی ہدایت دی ہے ۔ ایس ڈی ایم کورٹ کی جانب سے جاری سمن پر کمپنی کے ڈائریکٹر اجے بھلوٹیہ حاضر ہوئے اور انہوں نے ‘کانشولیشن بورڈ’ کے سامنے نو دسمبر کے اعلیٰ شرح پر دھان کی قیمت کی ادائیگی قبول کی ہے ۔