نئے سال میں شراب کی فروخت کا نیا ریکارڈ : محکمہ اکسائز

   

Ferty9 Clinic

صرف دو دن میں 750 کروڑ اور ماہ ڈسمبر میں 5102 کروڑ روپئے کی شراب فروخت
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) نئے سال کے موقع پر ریاست تلنگانہ میں شراب کی فروخت نے تمام سابقہ ریکارڈس توڑ دیئے۔ محکمہ اکسائز کے عہدیداروں نے انکشاف کیا ہے کہ صرف ڈسمبر 2025ء کے دوران شہر حیدرآباد میں شراب کی فروخت سے تقریباً 5102 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی جو اب تک کی سب سے بڑی رقم بتائی جارہی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ خاص طور پر 30 اور 31 ڈسمبر کو شراب کی فروخت عروج پر رہی۔ ان دو دنوں میں ہی تقریباً 750 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی۔ اس غیرمعمولی فروخت کے ساتھ ریاست میں شراب کی فروخت کے تمام سابقہ ریکارڈس ٹوٹ گئے۔ محکمہ اکسائز کے عہدیداروں نے بتایا کہ نئے سال کی تقاریب، پارٹیوں اور عوامی اجتماعات کے ساتھ ساتھ سرپنچ انتخابات نے بھی شراب کی فروخت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ نئی شراب پالیسی کو بھی بھاری آمدنی کی ایک اہم وجہ قرار دیا جارہا ہے جس کے باعث لائسنس یافتہ دوکانات اور بازاری فروخت میں غیرمعمولی اضافہ دیکھا گیا۔ تاہم اتنی زیادہ شراب فروخت ہونے پر سماجی حلقوں میں تشویش بھی ظاہر کی جارہی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی صورتحال سے معاشرے میں بدامنی، جرائم اور دیگر سماجی مسائل بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس تناظر میں یہ سوال بھی اُٹھایا جارہا ہے کہ کیا محض سرکاری آمدنی میں اضافہ سماجی اثرات کو نظرانداز کرنے کا جواز بن سکتا ہے۔ محکمہ اکسائز کا کہنا ہے کہ صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور قانون و نظم برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے ساتھ تال میل قائم رکھا گیا ہے۔2