نئے صدر پردیش کانگریس کیلئے ہائی کمان کو رپورٹ پیش

,

   

Ferty9 Clinic

انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور چینائی واپس،قائدین کو دہلی نہ پہنچنے کی ہدایت
حیدرآباد: تلنگانہ میں پردیش کانگریس کے نئے صدر کے تقرر کیلئے جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ مانکیم ٹیگور ایم پی نے رپورٹ صدر کانگریس سونیا گاندھی کو پیش کردی ہے۔ حیدرآباد میں 4 دن تک قیام کرکے مانکیم ٹیگور نے 200 سے زائد قائدین سے نئے صدر کے بارے میں رائے حاصل کی تھی۔ ہر سطح کے قائدین کو ملاقات کا وقت دیا گیا ۔ خاص طور پر ضلع کانگریس صدور سے رائے حاصل کی گئی جو کانگریس کے استحکام میں کلیدی رول کے حامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ٹیگور نے قائدین کی رائے کے مطابق چند نام پیش کئے جن کے حق میں زیادہ رائے آئی ہے۔ رپورٹ کے بارے میں ہائی کمان نے بعض قومی سطح کے سینئر قائدین سے مشاورت کی تاکہ نئے صدر کے تقرر سے قبل اتفاق رائے کو یقینی بنایا جائے ۔ متحدہ آندھراپردیش میں پارٹی امور کے انچارج رہے، قائدین سے مشاورت کی گئی ۔ رپورٹ کی پیشکشی کے بعد مانکیم ٹیگور چینائی واپس ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ 22 ڈسمبر کو نئی دہلی پہنچیں گے جس کے بعد نئے صدر کے نام کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ مشاورت کی تکمیل کے باوجود بعض قائدین ہائی کمان سے ملاقات کے لئے نئی دہلی پہنچے لیکن سونیا گاندھی اور راہول گاندھی نے ملاقات کا وقت نہیں دیا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں بعض قائدین ہائی کمان سے ملاقات کے خواہاں ہیں۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری وینو گوپال سے سمپت کمار ، مدھو یاشکی گوڑ اور بلرام نائک نے ملاقات کی اور نئے صدر کے بارے میں اپنی رائے پیش کی۔ ہائی کمان کا موقف ہے کہ حیدرآباد میں چار دنوں تک مشاورت کے بعد قائدین کو دہلی آنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ ہائی کمان اکثریتی رائے کی بنیاد پر نئے صدر کا انتخاب کرے گا۔ ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور وینکٹ ریڈی دہلی میں قیام پذیر ہیں ۔ یہ دونوں عہدہ کے اہم دعویداروں میں شامل ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان دونوں قائدین کو ملاقات کے لئے وقت دے گا اور ان میں اختلافات ختم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ہائی کمان سے قربت رکھنے والے قائدین کا ماننا ہے کہ اگر تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ مستحکم کرنا ہے تو ریڈی طبقہ کے کسی قائد کو ذمہ داری دی جائے جو کے سی آر کا ہر طرح سے مقابلہ کے اہل ہوں ۔