جمعیتہ العلماء کی جدید ممبرسازی اور دیگر مسائل پر ذمہ داروں کا اجلاس، علماء کا خطاب
نلگنڈہ۔13/ ا پریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جمعیتہ العلماء متحدہ ضلع نلگنڈہ و کھمم (سوریاپیٹ، کتہ گوڑم ، یادادریبھونگیر) کے اراکین منتظمہ اور ذمہ داران کا ایک روزہ اجلاس زیر سر پرستی مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدر جمعیتہ العلماء تلنگانہ، بروزہفتہ صبح 9 تا دو پہر 2 بجے بمقام دارالعلوم نلگنڈہ منعقد ہوا، جس میں جمعیتہ العلماء تلنگانہ ، نائب صدر مولاناسید احسان الدین قاسمی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیتہ العلماء بھارتی مسلمانوں کی ایک متحرک و فعال تنظیم ہے، نومبر 1919ء میں اس کی بنیاد مولانا عبد الباری فرنگی محلی ، مولانا ابو المحاسن محمد سجاد، مفتی کفایت اللہ دہلوی ، عبد القادر بدایونی ، سلامت اللہ فرنگی محلی ،انیس نگرامی ، احمد سعید دہلوی، ابراہیم در بھنگوی محمد اکرام خان کلکتوی محمد ابراہیم میرسیالکوٹی اور ثناء اللہ امرتسری سمیت علمائے کرام کی ایک جماعت نے رکھی تھی۔ ایک بڑی تاریخی سچائی یہ ہے کہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک علماء ومسلمانوں نے شروع کی تھی اور یہاں کے عوام کو غلامی کا احساس اس وقت کرایا جب اس بارے میں کوئی سوچ بھی نہیں رہا تھا ، ہندوستان میں انگریزوں کے خلاف سب سے پہلے علم بغاوت علماء نے ہی بلند کیا تھا اور جنگ آزادی کا صور بھی انہوں نے ہی پھونکا تھا جمعیتہ العلماء وہ جماعت ہے جو ہزاروں بے گناہ لوگ جو جیلوں میں ہیں انکے مقدمات لڑ کے انکورہا کروارہی ہے ، اس طرح ریاستی جزل سیکرٹری حافظ پیر خلیق احمد صابر نے بھی اپنے خطاب میں جمعیتہ العلماء کی کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اضلاع میں جمعیتہ العلماء کی ممبر سازی کی ترغیب دلائی حالیہ جینور فساد اور میدک ضلع میں پیش آئے واقعہ کے خلاف ریاستی جمعیتہ نے موثر و کامیاب نمائندگی کی اور ریاست میں فرقہ پرستوں کی شرانگیزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔حافظ پیر خلیق احمد صابر جدید وقف قانون کے حوالہ سے بتایا کہ جمعیتہ العلماء اس قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے اور جمعیتہ العلامہ اس سیاہ قانون کے خلاف ملک کی عدالت عظمیٰ میں اہم فریق ہے۔ انہوں نے عزم کیا کہ اوقاف کے کالے قانون کے خلاف مظبوط جدو جہد جاری رہے گی۔اس اجلاس میں مولانا عبد القادر رشادی صدر جمعیتہ العلماء ضلع سوریاپیٹ مفتی سید صدیق مظاہری مفتی محمد جاوید دیورکنڈہ مفتی معراج الدین ابرار مولانا سعید قاسمی صدر جمعیتہ العلماء ضلع کھمم مولانا سعید المظفر اطہر مظاہری سوریا پیٹ مولانا مخدوم مفتی ریاض مریال گوڑہ مولا نا عبدالقادر حضور نگر مولا نا یاسر ندیم کنت گوڑم مولانا اکبر خان مفتی فیروز بھونگیر کے علاوہ چھ اضلاع نلگنڈہ، سوریا پیٹ،بھونگیر ، کھمم کتہ گوڑم ، بھدراچلم کے منتظمہ کے اراکین و ذمہ داران موجود تھے۔ حافظ سیدفرقان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔