نئے ٹیچرس کی پوسٹنگ کا معاملہ نصف شب تک جاری رہا

   

کونسلنگ روکنے کے حکم سے امیدواروں میں تشویش ، چیف منسٹر کی مداخلت کے بعد مسئلہ کی یکسوئی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : ڈی ایس سی 2024 کے ذریعہ منتخب نئے ٹیچرس منگل کی صبح میں تشویش کا شکار تھے تاہم دوپہر میں کونسلنگ کا عمل شروع ہونے کے بعد راحت کی سانس لی ۔ ریاست کے تمام اضلاع میں نصف شب تک کونسلنگ کا انعقاد کرتے ہوئے کونسے اسکول میں خدمات انجام دی جائے اس کی نشاندہی کرتے ہوئے جملہ 10,006 ٹیچرس کو پوسٹنگ دی گئی ۔ آرڈرس حاصل کرنے والے ٹیچرس چہارشنبہ سے انہیں مختص کردہ اسکولس سے رجوع ہورہے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ 80 فیصد ایس جی ٹیز کو ان کے اپنے متعلقہ منڈلس میں ہی پوسٹنگ حاصل ہوئی ہے ۔ ماضی میں تبادلے کے باوجود ریلیو نہ ہونے والے ٹیچرس منگل کو دوپہر اپنے پرانے اسکولس سے ریلیو ہوگئے وہ بھی چہارشنبہ کو ہی نئے اسکولس سے رجوع ہورہے ہیں ۔ 9 اکٹوبر کو تقرری لیٹر حاصل کرنے والے ٹیچرس 15 اکٹوبر کو کونسلنگ میں شرکت کرنے کی 14 اکٹوبر کو ہی ہدایت دے دی گئی تھی ۔ جس پر تمام منتخب ٹیچرس منگل کی صبح 8-30 بجے ہی کلکٹریٹس کو پہونچ گئے تھے ۔ محکمہ تعلیم سے کونسلنگ کو شام تک روکنے کی صبح 9 بجے ڈی ای اوز کو ہدایت موصول ہوئی جس کے بعد امیدواروں میں افراتفری پیدا ہوگئی ۔ دوپہر 12 بجے دوبارہ کونسلنگ جاری رکھنے کے احکامات جاری ہوئے ۔ نئے ٹیچرس سے پہلے انہیں پوسٹنگ دینے کی جی او 317 کے متاثرہ ٹیچرس نے مطالبہ کیا ورنہ انہیں دور دراز دیہاتوں کو جانا پڑے گا ۔ چند ٹیچرس وزراء اور دیگر عوامی منتخب نمائندوں پر دباؤ ڈالنے کا پتہ چلا ہے جس کے بعد محکمہ تعلیم کے عہدیداروں نے کونسلنگ روکنے کے احکامات جاری کئے ۔ اگر نئے امیدواروں کو پوسٹنگ نہ دی گئی تو 10 ہزار ٹیچرس کو بغیر خدمات کے تنخواہ دینی پڑے گی۔ 7 ہزار سینئیر ٹیچرس تین ماہ سے ( ریلیو ) فارغ ہونے کے منتظر ہیں ۔ جی او 317 کے صرف 500 ٹیچرس ہیں ان کے لیے سارے عمل کو روکنے پر نہ صرف حکومت کی بدنامی ہوگی بلکہ ڈی ایس سی 2024 کے منتخب امیدوار عدالت سے رجوع ہونے پر سارا معاملہ کھٹائی میں پڑ جائے گا ۔ ان تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے کونسلنگ کا عمل شروع کردیا گیا کیوں کہ جی او 317 متاثرین کے تبادلے ایک دو دن میں بھی ہونے کی توقع نہیں تھی اس مسئلہ کو چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے رجوع کرنے پر انہوں نے فوری نئے ٹیچرس کو پوسٹنگ دینے کی ہدایت دی ۔۔ 2