مدور میں منڈل حکام میں آپسی تال میل کا فقدان، عوام کو مسائل کا سامنا
مدور۔/17اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سدی پیٹ کے مدور منڈ ل کے بیشتر مواضعات میں جہاں گزشتہ دو سال سے انچارج پنچایت سکریٹری اضافی طور پر برسر خدمت تھے 4 ماہ قبل رجوع بکار ہونے والے نئے پنچایت سکریٹریز کو تاحال اپنے قدیم عہدے کا جائزہ نہیں دیتے ہیں جو کہ پبلک سیکٹر ایمپلائز قوانین کی صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ سینئر پنچایت سکریٹریز اپنے جونیرس کو چارج دینے سے دانستہ گریز کررہے ہیں جس کے وجوہات کا ہنوز پتہ نہ چل سکا تاہم عوام کو مختلف امور کے لئے پنچایت سکریٹریز سے رجوع ہونے پر جونیر و سینئر کے مابین موجود اختلافات سے عوام کے ضروری کام مسدود ہورہے ہیں نیز عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بالخصوص ریپرتی ، گاگلہ پور ، ارجنپٹلہ کے پنچایت سکریٹریز نے اپنے نئے جونیر اسٹاف کو چارج نہ دینے کا بہ بانگ دہل اعلان کردیا ہے جس کو لے کر عوام و مقامی عوامی نمائندوں میں کئی طرح کے شکوک و شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مدور منڈل کے حکام و دفتر کے ملازمین بھی دو گروپ میں منقسم ہوکر رہ گئے ہیں۔ نیز حکام میں آپسی تال میل کا فقدان بھی پایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں آج ’سیاست نیوز‘ کی جانب سے وضاحت طلب کرنے پر منڈل آفیسر کے رما دیوی و صدور منڈل تائید بی کرشنا ریڈی نے علحدہ علحدہ طور پر سینئر پنچایت سکریٹریز کو اپنے جونیرس کو جائزہ نہ دینے کی پاداش میں میموز جاری کرنے اور دو یوم کی مہلت دینے بصورت دیگرضلع پنچایت آفیسر بی سریش بابو و ضلع کلکٹر پی وینکٹ رام ریڈی سے شکایت کرنے کا انتباہ دیا۔ یہاں اس بات کا ذکر بھی بے محل نہ ہوگا کہ گزشتہ ہفتہ مدور منڈل دفتر کے عملے کو مختلف سیکشنس الاٹ کرنے کے ضمن میں منڈل آفیسر کے رما دیوی و ای او پنچایت راج سرینواس ورما کے مابین سخت لفظی تکرار و بحث ہوئی تھی جو کہ تاحال مدور منڈل کے عوام میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔