بینکوں کو چیف سکریٹری سومیش کمار کا مشورہ، معاشی سرگرمیوں کی بحالی میں تعاون کی خواہش
حیدرآباد۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے بینکرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے ریاست میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ اور ریاست کی مجموعی معاشی ترقی کیلئے سرگرم اقدامات کی ہدایت دی ہے۔ چیف سکریٹری نے بینکرس کو مشورہ دیا کہ شاپنگ مالس میں کاؤنٹرس کے قیام کیلئے لون میلہ کا اہتمام کریں۔ اس کے علاوہ سیلس پر سود کی رعایت میں مزید اضافہ کیا جائے۔ قرض کی اجرائی کے طریقہ کار اور دستاویزات میں مزید آسانیاں پیدا کی جائیں۔ چیف سکریٹری نے ضرورت مند افراد کیلئے تجارتی سرگرمیوں کے آغاز کے سلسلہ میں تعاون اور قرضہ جات کی اجرائی میں توسیع اور ان درخواستوں کی عاجلانہ یکسوئی کا مشورہ دیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت کورونا پر قابو پانے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ٹیکہ اندازی کی حکمت عملی کی دنیا بھر میں ستائش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بینکرس سے خواہش کی کہ گاڑیوں کی خریدی، کمپیوٹرس، الیکٹرانک آلات اور گارمنٹس کیلئے مزید قرضہ جات فراہم کریں تاکہ ریاست میں معاشی سرگرمیاں مزید بہتر ہوسکیں۔ چیف سکریٹری نے ریٹیلرس، شاپنگ مالس، ٹورسٹ آپریٹرس اور ہاسپٹالیٹی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی پر تجاویز حاصل کیں۔ چیف سکریٹری نے شاپنگ مالس کو مشورہ دیا کہ وہ گاہکوں کو مزید ڈسکاؤنٹ کی پیشکش کریں اس کے علاوہ کوویڈ گائیڈ لائنس پر سختی سے عمل کیا جائے۔ صحت و صفائی پر توجہ دیتے ہوئے گاہکوں کو راغب کریں۔ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن ، سکریٹری ہیلت سید علی مرتضیٰ رضوی، سکریٹری راہول بوجا، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، نیتو کماری پرساد ( آئی اے ایس)، کمشنر پولیس حیدرآباد انجنی کمار، کمشنر سیول سپلائیز انیل کمار اور مختلف بینکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔