جوہانسبرگ ۔15 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی افریقہ کے سابق ٹسٹ کرکٹر مارک باؤچر کو چار سال کی مدت کے لیے جنوبی افریقہ کا نیا ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا ہے۔43 سالہ مارک باؤچر نے نوغ کوے کی جگہ لی ہے جو کہ اگست میں سابق کوچ اوٹس گبسن کو ہٹائے جانے کے بعد عارضی طور پر ٹیم ڈائریکٹر کے فرائص انجام دے رہے تھے اور اب وہ اسسٹنٹ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔ مارک باؤچرکے تقررکے بعد جنوبی افریقہ کی پہلی سیریز چار میچوں پر مشتمل ہوگی اور انگلینڈ کے خلاف 26 دسمبر کو سنچورین کے میدان میں شروع ہو رہی ہے۔ فاف ڈوپلیسی کو ٹسٹ ٹیم کا کپتان بھی رکھا گیا ہے۔ جبکہ مارک باؤچرکو2023 میں آئندہ ورلڈ کپ کے اختتام تک عہدہ دیا گیا ہے۔ مارک باؤچر نے 147 ٹسٹ اور295 ونڈے میچز کھیلے۔2012 میں آنکھ زخمی ہونے کے بعد انھیں سبکدوش ہونا پڑا تھا۔اسمتھ کا مارک باؤچرکی تعیناتی کے بارے میں مزیدکہا کہ ان کے طویل انٹرنیشنل کیریئر کے تجربے کی وجہ سے انھیں معلوم ہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں کامیابی کے لیے کیا درکار ہوتا ہے۔ نئے کوچ نے کہا کہ وہ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلئرس سے سبکدوشی کا فیصلہ بدلنے کے ضمن میں بات کریں گے تاکہ وہ آئندہ برس آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹی20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی نمائندگی کرسکیں۔یاد رہے کہ ٹیم کے بیٹنگ اور بولنگ کوچز کا اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔