نئی دہلی، 23 جولائی۔(ایجنسیز)جگدیپ دھنکھڑ کے اچانک استعفیٰ کے بعد نائب صدر جمہوریہ ہند کے عہدے پر نئے انتخاب کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے منگل کے روز جاری کردہ گزٹ میں دھنکھڑ کے استعفیٰ کی سرکاری توثیق کی۔آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت، الیکشن کمیشن آف انڈیا کو نائب صدر کے انتخاب کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یہ انتخاب صدارتی اور نائب صدارتی الیکشن ایکٹ، 1952 اور انتخابی قواعد، 1974 کے تحت کرایا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے اس عمل کے لیے ابتدائی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انتخابی شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔ اس سے پہلے درج ذیل سرگرمیاں انجام دی جا رہی ہیں۔الیکٹورل کالج کی فہرست کی تیاری، جس میں راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے تمام منتخب و نامزد اراکین شامل ہیں۔چیف الیکٹورل آفیسر اور اسسٹنٹ الیکٹورل آفیسرز کا تقرر عمل میں آیا ہے۔ماضی میں منعقد ہونے والے تمام نائب صدارتی انتخابات کا جائزہ اور تشہیر کی گئی ہے۔کمیشن نے بیان دیا ہے کہ انتخابی عمل کو شفاف، آزادانہ اور منصفانہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ صدر دروپدی مرمو نے منگل کو جگدیپ دھنکھڑ کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ انہوں نے اپنی صحت کی خرابی کا حوالہ دیتے ہوئے پیر کے روز اچانک عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی صحت کو ترجیح دیتے ہوئے فوراً سبکدوش ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر دھنکھڑ کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے لکھا،جگدیپ دھنکھڑ جی کو نائب صدر ہند سمیت کئی کرداروں میں ملک کی خدمت کا موقع ملا ہے۔ میں ان کی اچھی صحت کی دعا کرتا ہوں۔بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے نے 16 جولائی 2022 کو انہیں نائب صدر کا امیدوار بنایا تھا۔ 6 اگست 2022 کے الیکشن میں انہوں نے اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو واضح مارجن سے شکست دی تھی۔