گورنراور چیف سکریٹری سے ملاقات، اقلیتی اسکیمات کا جائزہ اور اقلیتی طبقات سے مشاورت
حیدرآباد۔ نائب صدر نشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید تلنگانہ کے تین روزہ دورہ پر 29 جنوری کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ کمیشن کے سکریٹری اور دیگر موجود رہیں گے۔ نائب صدرنشین قومی اقلیتی کمیشن حیدرآباد میں مرکزی اور ریاستی اسکیمات پر عمل کا جائزہ لیں گے۔ عاطف رشید مختلف طبقات سے ملاقات کے علاوہ گورنر سوندرا راجن سے ملاقات کریں گے۔ وہ جمعہ کی دوپہر 12 بجکر 15 منٹ پر پہنچے گے۔ ایر پورٹ سے سیدھا تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کیلئے پہنچیں گے۔ بعد نماز شام 4 بجے مرکز کے 15 نکاتی پروگرام برائے اقلیت اور ریاست کی فلاحی اسکیمات پر چیف سکریٹری سومیش کمار و سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم سے تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ داؤدی بوہرہ و شیعہ اسماعیلی آغا خان کمیونٹی نمائندوں سے ملاقات کرینگے۔ 30 جنوری کو عاطف رشید پردھان منتری جن وکاس پروگرام پر عمل کا رنگاریڈی میں جائزہ لیں گے۔ لنچ کے بعد یتیم خانہ کا دورہ کریں گے ۔شام میں صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم، ارکان اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے ۔ عاطف رشید ہفتہ کو شیعہ، مہدوی، سنی اور دیگر طبقات کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔ 31 جنوری کی صبح 10 بجے راج بھون میں گورنر سے ملاقات مقرر ہے۔ 11:30 بجے سکھ نمائندوں سے ملاقات کرینگے۔ لنچ کے بعد وہ بادشاہی عاشور خانہ اور درگاہ حضرات یوسفینؒ پر حاضری دینگے۔ شام 6 بجے وہ نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔