نائجر: معزول صدر اہلخانہ سمیت فاقہ کشی کا شکار

   

واشنگٹن : نائجر کے معزول صدر کی پارٹی نے کہا کہ ان کے پاس خاندان سمیت خوراک ختم ہو رہی ہے جس کے باعث وہ فاقہ کشی کا شکار کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اس پر امریکا نے بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد بازوم مغربی افریقی ملک کے جمہوری طور پر منتخب صدر ہیں۔ وہ اپنی اہلیہ اور بیٹے کے ساتھ نیامی کے صدارتی محل میں 26 جولائی کو باغی فوجیوں کے ان کے خلاف حرکت میں آنے کے بعد سے محصور ہیں۔ اس کے بعد سے وہ عوام میں نظر نہیں آئے حالانکہ ان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے استعفی دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ایک قریبی مشیر کے مطابق ان کا خاندان بجلی کے بغیر زندگی گزار رہا ہے اور اس کے پاس کھانے کے لیے صرف چاول اور ڈبے کا سامان بچا ہے لیکن ان کی صحت بہتر ہے۔ معزول صدرکی سیاسی جماعت نے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کے حالات زندگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ خاندان بھی پانی سے محروم ہے۔ امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے بازوم کے ساتھ حالیہ سفارتی کوششوں کے بارے میں بات کی اور کہا کہ اس بات پر زور دیا کہ صدر بازوم اور ان کے خاندان کی حفاظت اور تحفظ سب سے اہم ہے۔