نائیجیریا کی مسلم اکثریتی ریاست زمفارا کے مختلف گاؤں میں ایک ہفتے کے دوران ڈاکوؤں نے مختلف دنوں میں حملے کر کے 143 افراد کو ہلاک کردیا میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعات نائیجیریا کے شمال مغربی علاقوں میں ہوئے جہاں مقامیوں کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ان پر مسلح ڈاکوؤں نے حملہ کیا تھا۔ دوسری جانب ڈاکوؤں کے حملوں اور اس دوران ہوئی ہلاکتوں سے متعلق نائیجیرین حکام نے کوئی تصدیق نہیں کی۔ بتایا جارہا ہے کہ شمال مغربی اور وسطی نائیجیریا کئی سالوں سے مختلف جرائم پیشہ گروہ کے حملوں سے نبرد آزما رہے ہیں جن میں اب مزید شدت آتی جارہی ہے۔ دوسری جانب نائیجیرین حکومت نے ان ڈاکوؤں کو باضابطہ طور پر دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ ان گاؤں میں سے ایک برادری کے رہنما نے میڈیا کو بتایا کہ وہ اب تک ڈاکوؤں کے حملوں میں مارے جانے والے 143 افراد کو دفنا چکے ہیں۔