نارا لوکیش کی نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات

   

آندھرا پردیش کی صورتحال پر مرکز کی گہری نظر، مقدمات سے ہراسانی کی شکایت
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور پارٹی صدر چندرا بابو نائیڈو کے خلاف جگن موہن ریڈی حکومت کی انتقامی کارروائیوں کی شکایت کی۔ مرکزی وزیر اور صدر بی جے پی تلنگانہ جی کشن ریڈی اور آندھرا پردیش کی بی جے پی صدر پورندیشوری کی موجودگی میں نارا لوکیش نے امیت شاہ سے ملاقات کی اور وائی ایس آر کانگریس حکومت کی جانب سے سرکاری مشنری کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کے خلاف مقدمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ تحقیقات کے دوران ایف آئی آر میں نائیڈو کا نام شامل کیا گیا جبکہ اسکام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیا اور کہا کہ گورنر سے اجازت حاصل نہیں کی گئی۔ انہوں نے امیت شاہ کو بتایا کہ تلگودیشم قائدین اور کارکنوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ان کے افراد خاندان کو نشانہ بنانے کے مقصد سے جھوٹے مقدمات درج کئے ہیں۔ امیت شاہ نے چندرا بابو نائیڈو اور لوکیش کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات حاصل کی۔ لوکیش نے بتایا کہ مقدمات ٹرائیل کورٹ، ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں مختلف مراحل میں ہیں۔ امیت شاہ کا کہنا تھا کہ 73 سالہ چندرا بابو نائیڈو کو مختلف مقدمات کے ذریعہ ہراساں کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ امیت شاہ نے چندرا بابو نائیڈو کی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور تیقن دیا کہ وہ آندھرا پردیش کی صورتحال پر گہری نظر رکھیں گے۔ مرکزی وزارت داخلہ سے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دلایا۔

نارا لوکیش کی درخواست ضمانت کی ہائی کورٹ نے یکسوئی کردی
حیدرآباد/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے اِسکل ڈیولپمنٹ مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی جو درخواست داخل کی آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے یکسوئی کردی سی آئی ڈی وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مقدمہ میں لوکیش ملزم نہیں ہیں لہذا سی آئی ڈی انہیں گرفتار نہیں کریگی ۔ اگر مقدمہ میں ان کا نام شامل کیا جانا ہے تو انہیں 41A کے تحت نوٹس دی جائیگی۔ سی آئی ڈی وکیل کی وضاحت کے بعد ہائی کورٹ نے لوکیش کی درخواست کی یکسوئی کرتے ہوئے معاملہ کو ختم کردیا۔ واضح رہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر 4 اکٹوبر کو سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے 12 اکٹوبر تک گرفتار نہ کرنے کی سی آئی ڈی کو ہدایت دی تھی۔