مکتھل سے کے سری کو امیدوار بنایا جائے ، کانگریس قائدین کا اجلاس ، قرارداد منظور
نارائن پیٹ ۔10 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ اسمبلی نارائن پیٹ سے مسٹر کے۔شیواکمار ریڈی کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی قائدین اور کارکنوں نے ایک مشترکہ قرارداد منظور کی۔ اس ضمن میں کانگریس پارٹی ضلعی اور منڈل سطح کے قائدین کا اجلاس نارائن پیٹ کے سی وی آر بھون میں منعقد ہوا ۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی و ریاستی قائدین کی جانب سے نارائن پیٹ کیلئے کئے جانے والے ہر سروے میں کے۔شیوکمار ریڈی کا نام آنے کے باوجود کسی تیسرے فریق کو ٹکٹ دینے کا مطلب نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی سے کانگریس پارٹی کا خاتمہ ہے۔ سابقہ دو دہائیوں سے نارائن پیٹ میں کانگریس پارٹی کی بقاء کیلئے کام کرنے والے مسٹر کے۔شیوکمار ریڈی کو سابقہ 2018 اسمبلی انتخابات میں بھی نظر انداز کرتے ہوئے مدھیراج طبقہ سے تعلق رکھنے والے صراف کرشنا کو ٹکٹ دیا گیا اس کے نتیجے میں 2018 اسمبلی انتخابات میں نارائن پیٹ سے کانگریس پارٹی کی ضمانت ضبط ہوگئی۔ جبکہ آزاد امیدوار کے طور پر مسٹر کے شیواکمار ریڈی 33فیصد ووٹ کے ساتھ 55ہزار ووٹ حاصل کرتے ہوئے دوسرا مقام حاصل کیا۔ ذات کی بنیاد پر نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ سے غیر فعال فرد کو ٹکٹ دینے سے نارائن پیٹ ضلع میں کانگریس پارٹی کو سخت نقصان پہنچے گا۔ کانگریس پارٹی مرکزی اور ریاستی قائدین کو سمجھنا چائیے کہ کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے والے قائدین کو ٹکٹ دینے پر ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کے برخلاف غیر فعال فرد کو ٹکٹ دیا گیا جسکا مستقر پر کوئی پرسانِ حال نہیں ہے اسکی کامیابی ناممکن ہے۔ اس موقع پر ضلع کانگریس کمیٹی ، منڈل کمیٹی اور علاقے واری قائدین نے مشترکہ طور پر ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے نارائن پیٹ اسمبلی حلقہ سے سے کے۔شیوکمار ریڈی اور مکتھل اسمبلی حلقہ سے سری ہری ضلعی صدر کانگریس پارٹی کو ٹکٹ دینے کیلئے قرارداد منظور کی۔ اس موقع پر شیوا ریڈی، سوداکر ، محمد غوث، ویدیاساگرگوڈ، شیواکمار، کوٹلا رویندر ریڈی، بال ریڈی، محمد سلیم کونسلر، محمد یوسف تاج و دیگر قائدین و کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔