نارائن پیٹ میں 5 نومبر سے 4 روزہ عرس تقاریب

   

نارائن پیٹ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ و کرناٹک کی سرحد پر واقع ضلع نارائن پیٹ مستقر پر واقع درگاہ حضرت سید شاہ محمد تقی سبز پوش قادری ؒکے عرس کی 4 روزہ سالانہ عرس تقاریب کا 05 نومبر کو جلوس پرچم قادریہ سے آغاز ہوگا۔ پروگرام کے مطابق 05 نومبر ہفتہ کو بعد نماز عصر پٹیل ہاؤس روبرو جامع مسجد سے جلوس پرچم قادریہ برآمد ہوگا جو ٹاون کے مختلف شاہراہوں سے ہوتا ہوا درگاہ تقی باباؒ پر پہنچے گا۔ بروز اتوار 06 نومبر کو بعد نماز عشاء جلوس صندل برآمد ہوگا۔ نماز فجر سے قبل درگاہ شریف پر پہنچے گا۔ جہاں پر رسم صندل مالی سجادہ نشین درگاہ تقی بابا سید شاہ غیاث الدین قادری انجام دیں گے۔ بروز پیر 07 نومبر کو گیارہویں شریف ہو گی۔ اور بعد نماز عشاء احاطہ درگاہ شریف میں جلسہ فیضان اولیاء منعقد ہوگا۔ 08 نومبر بروز منگل بعد نماز فجر محفل زیارت منعقد ہوگی۔ اس موقع پر مہمان عالم دین ڈاکٹر سید رضوان پاشاہ قادری لااُبالی کا خصوصی خطاب ہوگا۔بعد ازاں تلاوت قرآن صلوٰۃ و سلام و فاتحہ خوانی و تقسیم تبرکات عمل میں لائے جائیں گے۔اسی روز بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی جس میں خواجہ پارٹی (گلبرگہ شریف) اور اسرار نظامی قوال (حیدرآباد) نعتیہ و منقبتہ کلام سنائیں گے۔ رات دیر گئے سجادہ نشین مولانا سید شاہ غیاث الدین قادری کی دعا پر عرس تقاریب کا اختتام عمل میں آئے گا۔ عرس کے دوران تمام اجلاسوں کی نظامت حافظ چاند پاشاہ لکچرر انجام دیں گے۔