پٹنا پرگتی پروگرام کا آغاز، کمشنر بلدیہ ، ضلع کلکٹر اور دیگر عہدیداروں کے دورے
نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ میں چوتھے مرحلے کے پٹنا پرگتی پروگرام کا آغاز عمل میں آیا۔3 جون تا 18 جون چوتھے مرحلے کے پٹنا پرگتی پروگرام کی راست نگرانی کمشنر بلدیہ شریمتی سنیتا ریڈی کررہی ہیں۔ نارائن پیٹ کے جملہ 24 وارڈوں کے منجملہ ہر وارڈ کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپئے کے ترقیاتی کاموں کے لئے منظوری عمل میں آئی ہے۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ ہری چندنا ( آئی اے ایس ) ، ایڈیشنل کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر چندرا ریڈی مختلف وارڈوں کا دورہ کررہے ہیں۔ شریمتی انسویا چندرا کانت ، صدر نشین بلدیہ، کمشنر بلدیہ شریمتی سنیتا ریڈی ، سنیٹری انسپکٹر شریمتی جانکی ریڈی، وارڈ اسپیشل آفیسر مسٹر نرسمہا ریڈی، ٹاؤن سوپر وائزر مسٹر راجو کے ہمراہ وارڈوں میں جاری پٹنا پرگتی ترقیاتی کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں۔ آج وارڈ نمبر 11 میں کمشنر بلدیہ شریمتی سنیتا ریڈی نے دورہ کیا اور اس سلسلہ میں وارڈ کے مکینوں کے ہمراہ ایک افتتاح تقریب میں شرکت کی۔ وارڈ کونسلر جناب محمد امیر الدین ایڈوکیٹ نے اپنے وارڈ کے بلدی مسائل کا تذکرہ کیا اور مزید فنڈس کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وارڈ کے لئے پٹنا پرگتی پروگرام کے سلسلہ میں جاری 1.5 لاکھ روپئے سے وارڈ میں صفائی اور ڈرینس اور کچرے کی نکاسی کے کام کئے جارہے ہیں۔ دیگر سڑکوں اور ڈرینس کی تعمیر کیلئے فنڈزکی ضرورت ہے۔ اس موقع پر وارڈ ٹی آر ایس صدر جناب اعجاز ، جناب دلدار موذنی، محمد سلیم اور دیگر موجود تھے۔
حویلی گھن پور میں دلخراش حادثہ
معصوم لڑکی کا جسم دو ٹکڑے
میدک۔ میدک کے نواحی منڈل حویلی گھن پور کے شالی پیٹ گیٹ پر پیش آئے ایک دلخراش حادثہ میں سات سالہ ایک لڑکی مہیشور سڑک عبور کرنے کے دوران ہلاک ہوگئی۔ مقابل سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے معصوم کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں لڑکی کا جسم دو حصوں میں تقسیم ہوگیا۔ بعض افراد نے ٹرک کو روکنے کی کوشش کی۔ تقریباً ایک کیلو میٹر کے فاصلہ بعد برہم نوجوانوں نے ٹرک کو روکنے میںکامیابی حاصل کی لیکن ڈرائیور فرار ہوگیا۔ پولیس حویلی گھن پور نے ضابطہ کی کارروائی انجام دی۔