سینئر سٹیزنس پارک کیلئے اراضی کا معائنہ ۔ ضلع کلکٹر
نارائن پیٹ۔ نارائن پیٹ عنقریب باغات کے شہر میں تبدیل ہونے جارہا ہے ۔ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ شریمتی ہری چندنا داسری ( آئی اے ایس ) نے آج ایڈیشنل کلکٹر چندر ریڈی، میونسپل کمشنر بلدیہ سرینواسن، صدرنشین بلدیہ کے نمائندے چندر کانت کے ہمراہ سینئر سٹیزنس پارک کی تعمیر کیلئے ٹاون کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹاون میں چلڈرنس پارک ، سائنس پارک، مہیلا پارک، اوپن جیمس پارک ، میونسپل پارک و دیگر پارکس کے تعمیری کام جاری ہیں۔ تاہم سینئر سٹیزنس ، شہر کے معمرین کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ سینئر سٹیزنس پارک کی تعمیر کے لئے جگہ کی فراہمی کیلئے ستیہ سائی کالونی میں پارک کیلئے مختص کردہ اراضی کا معائنہ بھی کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے باہر مضافات میں اخلاص پور جنگلاتی علاقہ میں 15 ایکر پر مشتمل اراضی پر ایکو پارک کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ معمرین کو بھی پرفضاء مقام اور ماحول کی فراہمی اور انہیں اپنے ساتھیوں اور ہم عمر بزرگوں کے ساتھ کچھ دیر سستانے کیلئے تمام تر سہولتوں پر مشتمل پارک کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی۔ ریاستی حکومت نئے اضلاع میں ایسے اضلاع کی طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے جو بحیثیت مجموعی ترقیاتی اعتبار سے پسماندہ ہیں۔ہمہ جہتی ترقی کیلئے پہلے مرحلہ میں شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے پارکوں کی تعمیر ، سڑکوں کی توسیع و تعمیر و دیگر امور پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب سینئر سٹیزنس پارک کیلئے بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔