نارائن پیٹ کی ہمہ جہتی ترقی پر توجہ ضروری

   

کانگریس کی رکن اسمبلی ڈاکٹر پرنیکا ریڈی سے ڈاکٹر محمد قطب الدین شکاگو کی نیک تمنائیں

نارائن پیٹ /6 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو ، امریکہ ، متوطن نارائن پیٹ نے اپنے ایک ای میل صحافتی بیان میں نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی سے نومنتخبہ کانگریس امیدوار ڈاکٹر پرنیکا ریڈی کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے نومنتخبہ رکن اسمبلی سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ نارائن پیٹ کی ہمہ جہتی ترقی ، حلقہ کے تمام طبقات کی تعلیمی و معاشی ترقی کے علاوہ ہر ایک کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اپنے طور پر اور حکومتی سطح پر موثر نمائندگیوں کے ذریعہ ان مسائل پر خصوصی توجہ دیں گے ۔ ڈاکٹر محمد قطب الدین نے کہا کہ گذشتہ چند سال پہلے نارائن پیٹ کو ضلع کا درجہ دیا گیا ہے ۔ جو برائے نام معلوم ہوتا ہے ۔ یہاں ضلع مستقر کے طور پر بہت سارے کام ادھورے اور تکمیل طلب ہیں ۔ یہاں طلباء کو اعلی تعلیم کے مواقع نہیں ہیں ۔ اعلی تعلیم و ٹیکنیکل تعلیم کیلئے یہاں سے ان طلباء کو حیدرآباد یا محبوب نگر کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔ علاوہ ازیں یہاں غریب عوام کو روزگار اور معاشی مسائل کو دور کرنے کیلئے ہماری ریاست کے پڑوسی ریاستیں ، کرناٹک کے شہر بنگلور مہاراشٹرا کے شہروں ، پونے ، ممبئی کو نقل مقام کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقہ میں کاشت کیلئے آبی ذرائع موجود نہیں ہیں جبکہ دریا کرشنا تلنگانہ میں سب سے پہلے نارائن پیٹ ضلع میں داخل ہوئی ہے اور یہاں سے گذرتی ہے ۔ لیکن اس علاقہ کو اس دریا سے کوئی فائدہ حاصل نہیں؟ انہوں نے یاد دلایا کہ نارائن پیٹ متحدہ ریاست آندھراپردیش ، نظام سرکار کے زمانے سے یہ پہلا مقام ہے ۔ جہاں حیدرآباد شہر کے بعد برقی سربراہی اس مقام کو حاصل ہوئی ۔ یہ قدیم بلدیہ ہے لیکن آج تک نارائن پیٹ ٹاون میں انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم قائم نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ریلوے لائن کیلئے وقارآباد تا کرشنا کیلئے کئی مرتبہ سروے کیا گیا ۔ لیکن نہ اس لائن کی رقمی منظوری عمل میں آئی اور نہ کاموں کا آغاز عمل میں آیا ۔ انہوں نے جواں سال تعلیم یافتہ ڈاکٹر پرنیکا ریڈی سے ان تمام مسائل پر غور کرنے اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے عملی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔