ناراض قائدین کو منانے ریونت ریڈی سرگرم

   

دن بھر مختلف قائدین سے ملاقاتیں
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس کے عہدہ پر فائز ہوتے ہی ریونت ریڈی نے ناراض قائدین کو منانے کی مہم شروع کردی ہے ۔ انہوں نے آج پارٹی کے کئی سینئر قائدین سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور تلنگانہ میں پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر زور دیا۔ ریونت ریڈی نے سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ پونالہ لکشمیا نے ریونت ریڈی کو نئی ذمہ داری کیلئے مبارکباد دی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی تجویز پیش کی ۔ پونالہ لکشمیا نے ریونت ریڈی کو اپنے تجربات کے مطابق مشورے دینے کا تیقن دیا۔ سکریٹری اے آئی سی سی ڈاکٹر جی چنا ریڈی نے ریونت ریڈی سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی ۔ سابق چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے شخصی محافظ سوریوڈو نے ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ان سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ حلقہ اسمبلی حضور آباد کے کانگریس انچارج کوشک ریڈی نے ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور حضور آباد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ریونت ریڈی نے سابق رکن پارلیمنٹ کے وشویشور ریڈی کو ان کی ماں کے دیہانت پر پرسہ دیا۔ پارٹی کے 15 سے زائد اضلاع سے تعلق رکھنے والے ضلعی صدور نے ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی ۔ شام میں ریونت ریڈی نے نائب صدر ملو روی کی قیامگاہ پر نو نامزد پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کی۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودر راج نرسمہا ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ، مہیش کمار گوڑ ، جی نرنجن ، انجن کمار یادو ، سابق وزیر اے چندر شیکھر اور پردیش کانگریس کے دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ توقع ہے کہ ریونت ریڈی 7 جولائی کو گاندھی بھون پہنچ کر عہدہ کی ذمہ داری سنبھالیں گے ۔