نارکوٹکس ٹیم شاہ رخ خان کی قیامگاہ پہنچ گئی

,

   

بیٹے کے خلاف ثبوت کی تلاش ۔ آرین سے 18روز بعد شاہ رخ کی جیل میںملاقات

ممبئی : آرین خان کیس میں آج ایک بڑی تبدیلی ہوئی جب نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ٹیموں نے بالی ووڈ سوپر اسٹار شاہ رخ خان کی باندرہ ویسٹ میں واقع قیامگاہ اور کھار ویسٹ میں اداکارہ اننیا پانڈے کی قیامگاہ کے علاوہ اندھیری کے بھی ایک مقام پر باقاعدہ دورہ کرتے ہوئے شاہ رخ کے بیٹے کے خلاف ثبوت تلاش کئے ۔ یہ دورے 2اکٹوبر کو لکژری کروز میں منعقدہ ریوو پارٹی کی تحقیقات کا تسلسل ہے ۔ این سی بی زونل ڈائرکٹر سمیر وانکھڈے نے ایک بیان میں بتایا کہ نارکوٹکس کے عہدیداروں نے آرین کی قیامگاہ ’’منت‘‘ کا دورہ کرتے ہوئے تلاشی مہم چلائی ۔ انہوں نے اس کارروائی کو دھاوا قرار دینے کی رپورٹس کو مسترد کردیا ۔ بامبئے ہائیکورٹ نے آج صبح آرین کی ضمانت عرضی کے بارے میں فیصلہ کیا کہ آئندہ سماعت منگل 26 اکٹوبر کو منعقد ہوگی ۔ اس کے تھوڑی دیر بعد این سی بی عہدیداروں نے اپنی مہم چلائی ۔ دریں اثناء شاہ رخ کو جیل میں قید اپنے بیٹے سے ملاقات کا 18 روز بعد موقع ملا ۔ باپ بیٹے نے 20منٹ اکٹھے گذارے ۔ دونوں کی یہ ملاقات ریاستی حکومت کے ذریعہ جیل میں بند اپنے ارکان خاندان سے ملنے کے لئے عائد پابندی میں نرمی کے بعد ممکن ہوئی ۔ آرین کو آج صبح آرتھر روڈ جیل کے اسپیشل سیل میں منتقل کردیا گیا ۔