بیجنگ : امریکی اسپیس ایجنسی ناسا نے اپنے حالیہ مریخ مشن کی تفصیلات چین ، ہندوستان ، امارات اور یوروپین اسپیس ایجنسی میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ شیئر کی ہے تاکہ ان ممالک کے خلائی جہازوں کے ساتھ خلاء میں کوئی تصادم نہ ہوسکے ۔ یاد رہے کہ مندرجہ بالا ممالک کے خلائی جہاز بھی اس وقت مریخ کے آس پاس موجو د ہیں ۔ اس موقع پر ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے ناسا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تفصیلات کو شیئر کرنے کا مقصد خلاء میں خلائی جہازوں کی ٹکر سے بچنا ہے کیونکہ چین ، ہندوستان اور امارات کے خلائی جہاز اس وقت مریخ کے مدار میں موجود ہیں ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ ہندوستان کی خلائی ایجنسی اسرو (ISRO) کا مریخ آربیٹر مشن منگل یان خلائی جہاز 2014ء میں مریخ کے مدار میں داخل ہونے کے بعد سے اب تک وہیں ہے اور اس طرح ہندوستان ایسا پہلا ایشیائی ملک بن گیا ہے جس نے مریخ پر اپنا خلائی جہاز بھیجنے میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
