ناقص غذاء کی فراہمی کا الزام ‘عثمانیہ یونیورسٹی طلباء کا احتجاج

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔3۔جنوری (سیاست نیوز) عثمانیہ یونیورسٹی منفی خبروں کیلئے سرخیوں میں رہنے لگی ہے اور اب پھر یونیورسٹی ہاسٹل میں غیر معیاری غذاء پر طلبہ نے کیمپس سے گذرنے والی سڑک پر راستہ روک کر احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ ہاسٹل میں غیر معیاری غذاء کی فراہمی کی شکایات کے باوجود انتظامیہ سے غذاء کے معیار کو بہتر نہ کئے جانے پر وہ احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔ لا کالج طلبہ نے کالج کے روبرو یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کرکے راستہ روکو احتجاج کیا اور ٹریفک کو روک دیا۔ طلبہ کے اچانک احتجاج پر عثمانیہ یونیورسٹی پولیس انہیں منتشر کرنے پہنچی اس کے باوجود طلبہ نے احتجاج جاری رکھا جس پر زائد از 2 گھنٹے کیمپس سے گذرنے والی سڑک پر ٹریفک جام رہی ۔ احتجاجی طلبہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کئی ماہ سے میس میں سربراہ کئے جانے والی غذاء کے متعلق شکایات کی جار ہی ہیں لیکن اس کے باوجود اسے بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کئے گئے ۔ احتجاجی طلبہ نے بتایا کہ اگر یونیورسٹی انتظامیہ فوری طور پر اس سلسلہ میں اقدامات نہیں کرتا ہے تو ایسی صورت میں عثمانیہ یونیورسٹی میں طلبہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔3