نالوں کی توسیع کیلئے جامع منصوبہ بندی تیار کرنے عہدیداروں کو ہدایت

   

نئی قانون سازی کی جائیگی، مستحقین میں ڈبل بیڈروم مکانات تقسیم کئے جائیں گے۔ کے ٹی آر
حیدرآباد ۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے شہریوں کو بارش اور سیلاب کے مسائل سے نجات دلانے کے لئے نالوں کی توسیع سے متعلق جامع ترقیاتی حکمت عملی تیار کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے آج جی ایچ ایم سی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے مختلف امور کا جائزہ لیا۔ شہر کے تمام زونس میں عنقریب شروع ہونے والے نالوں کے ترقیاتی کاموںپر تبادلہ خیال کیا گیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہری علاقوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی تیزی کے ساتھ نالوں کی بھی توسیع ضروری ہے۔ اس کے لئے جامع منصوبہ بندی تیار کرنے کا وقت آگیا ہے۔ بالخصوص چند سال سے دھواں دھار بارش ہو رہی ہے۔ جس سے شہر کے کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ بارش کے پانی کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لئے نالوں کی توسیع ہونی چاہئے۔ سیلاب سے مستقبل میں شہریوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے اس کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ نالوں کی توسیع میں جن غریبوں کو نقصان پہنچے گا حکومت ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرے گی۔ جو لوگ اہل اور مستحق ہیں انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات فراہم کرنے کے معاملے میں سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔ نالوں اور تالابوں کے تحفظ اور ترقی کے لئے ضرورت پڑھنے پر نئی قانون سازی کی جائے گی۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ نالوں کی توسیع کے مسئلہ پر بہت جلد شہر کے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا ۔ زونل کمشنرس کی جانب سے نالوں کی ترقیات پر مشتمل تمام تفصیلات سے کے ٹی آر کو واقف کرایا۔ نالوں کی توسیع میں پائی جانے والی رکاوٹیں ریٹرنگ والکی تعمیرات سے متعلق ایک رپورٹ بھی پیش کی۔ کے ٹی آر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پہلے مرحلے میں نالوں کی توسیع کے دوران ان علاقوں پر زیادہ توجہ دی جائے جہاں بارش سے زیادہ نقصانات ہو رہے ہیں۔ اس اجلاس میں مسٹر جی وجیہ لکشمی پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق ارویند کمار کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ N