بیتول، 30 مارچ (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں ایمانداری کی ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے ، جس سے لوگوں کا انسانیت میں اعتماد مزید مضبوط ہو گیا ہے ۔یہاں ایک نامعلوم خاتون بس اسٹینڈ پر چھوٹا ہوا روپے اور اہم دستاویزات سے بھرا پرس لوٹانے کے لیے مسافر بس کا تقریباً پانچ کلومیٹر تک پیچھا کیا اور بس کو روکواکر اس کے حقیقی مالک کو واپس کر دیا۔ جمعہ کے اس واقعے کا ایک ویڈیو کل سے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے ۔اطلاعات کے مطابق سارنی کی ایک خاتون جمعہ کی رات اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ ساکادیہی جانے کے لیے بیتول بس اسٹینڈ پر پہنچی تھی۔ تینوں بھوپال جانے والی بس کا انتظار کر رہے تھے ۔ اسی دوران ان کے پاس تقریباً 20 سالہ خاتون بھی بیٹھی تھی، جو پاڈھر جانے والی بس کا انتظار کر رہی تھی۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک انتظار کرنے کے دوران ان کے بیچ معمول کی بات چیت بھی ہوئی۔