نامپلی ریلوے اسٹیشن کو عصری بنانے کیلئے 327 کروڑ کا ترقیاتی منصوبہ

   

میٹرو اسٹیشن تک اسکائی وے کی تعمیر، مرکزی وزیر کشن ریڈی نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا
حیدرآباد ۔6 ۔ مارچ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے نامپلی ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی منصوبہ پر عمل آوری کا جائزہ لیا جس پر 327.27 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت میٹرو اسٹیشن اور ریلوے اسٹیشن کے درمیان 200 میٹر کے اسکائی وے کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ اسکائی وے کے ذریعہ ریلوے اسٹیشن اور میٹرو اسٹیشن کو مربوط کیا جائے گا ۔ اسکائی واک کے تحت اسکلیٹرس کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ مسافرین دونوں اسٹیشنوں کے درمیان بآسانی فاصلہ طئے کرسکیں۔ کشن ریڈی نے ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینجر سنجے کمار سریواستو اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ نامپلی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی ریلوے اسٹیشن سے روزانہ 60 سے زائد ٹرینیں گزرتی ہیں اور 28 ہزار سے زائد مسافرین سفر کرتے ہیں۔ ترقیاتی منصوبہ کے تحت 16 لفٹ اور 8 اسکلیٹرس کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور پلیٹ فارمس کو ایک دوسرے سے مربوط کیا جائے گا۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ مسافرین اور ان کے ساتھ آنے والے افراد کی سہولت کیلئے 6500 مربع فٹ اراضی پر ٹی اسٹال ، ٹائلیٹس اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ پارکنگ کا انتظام بیسمنٹ پر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشنوں کو عصری بنانے کا کام جاری ہے ۔ چیرلہ پلی میں ایک نیا ریلوے ٹرمنل قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے بجٹ میں تلنگانہ کیلئے جاریہ سال 5454 کروڑ مختص کئے گئے ۔ گزشتہ ایک دہے کے دوران ساوتھ سنٹرل ریلوے نے الیکٹریفکیشن کا کام صد فیصد مکمل کردیا ہے۔ 346 کیلو میٹر نئی لائین بچھائی گئی اور 513 کیلو میٹر موجودہ لائنوں کو اپ گریڈ کیا گیا۔ تلنگانہ میں 40 ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دینے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی پیٹ ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ آئندہ تین ماہ میں مکمل ہوجائے گا اور اس پر 521.36 کروڑ کے مصارف عائد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ریلویز کے 47984 کروڑ کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔1