نامپلی میں کامیابی کے ذریعہ کانگریس نئی تاریخ بنائے گی

   

مجلس کے مذہبی ایجنڈہ سے عوام ناراض، محمد فیروز خاں کی رائے دہندوں سے ملاقات
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے روڈ شو کے بعد کانگریس کو عوامی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔ ریونت ریڈی نے روڈ شو کے تحت حلقہ کے کئی علاقوں کا احاطہ کیا اور عوام سے اپیل کی تھی کہ کانگریس کو ایک مرتبہ خدمت کا موقع دیں تاکہ حقیقی خدمت گذاروں کو ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا موقع ملے۔ کانگریس امیدوار محمد فیروز خاں نے روڈ شو کے دوسرے دن آج مختلف گروپ میٹنگس کا اہتمام کرتے ہوئے رائے دہندوں کو بھروسہ دلایا کہ نامپلی اسمبلی حلقہ کو تلنگانہ کا ایک مثالی حلقہ بنانے کیلئے وہ ہر ممکن مساعی کریں گے۔ فیروز خاں نے کہا کہ مجلس کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کے باوجود کانگریس کے حق میں عوامی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مجلس اور اس کے قائدین کو صرف بوگس رائے دہی پر بھروسہ ہے جبکہ کانگریس کارکن گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کررہے ہیں۔ فیروز خاں نے کہا کہ نامپلی کے رائے دہندے مجلس کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر ان کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے تاکہ عام مسلمانوں کو گمراہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ فیروز خاں اور ان کا خاندان مذہبی طور پر راسخ العقیدہ ہیں اور تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کی مہم سے مجلس کے خلاف عوامی ناراضگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ فیروز خاں نے بتایا کہ ریونت ریڈی نے 3 سلم بستیوں کے مکینوں کو حکومت برسراقتدارآتے ہی امکنہ اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نامپلی کے رائے دہندے شعور کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی قیادت کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں جس نے ہمیشہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کا استحصال کرتے ہوئے اپنی سیاسی دکان چمکانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نامپلی میں کامیابی کے ذریعہ نئی تاریخ رقم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نامپلی کی ترقی کے لیے وہ علحدہ منصوبہ رکھتے ہیں انہیں یقین ہے کہ کامیابی کے فوری بعد ریونت ریڈی انہیں اپنی کابینہ میں شامل کریں گے اور نامپلی کی ترقی کے منصوبہ پر عمل آوری کا آغاز ہوگا ۔ انہوں نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وہ روزگار کی فراہمی کانگریس کی اولین ترجیح رہے گی ۔