14 منزلہ عمارت میں دفتر، 3820 کروڑ کی سرمایہ کاری ، 5000 کو روزگار
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) امریکہ کا سرکردہ آئی ٹی ادارہ مائیکرون ٹکنالوجی نے نانک رام گوڑہ کے فنیکس ٹیک زون میں 1.03 ملین ( 10 لاکھ 30 ہزار ) مربع فیٹ جگہ حاصل کرلیا ہے۔ اس طرح وہ تلنگانہ کے خصوصی اقتصادی زون ( ایس ای زیڈ ) میں سب سے بڑی رئیل اسٹیٹ معاملت کرنے والا ادارہ بن گیا ہے۔ سیز کی درخواست کی منظوری کو وشاکھا پٹنم سیز کے زونل ڈیولپمنٹ کمشنر اے رام موہن ریڈی نے منگل کو توثیق کی۔ وشاکھاپٹنم زون آندھرا پردیش ، تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے خصوصی اقتصادی زونس پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تعمیر شدہ سیز میں یہ ادارہ بہت جلد 14 منزلہ عمارت حاصل کرلے گا۔انہوں نے کہا کہ مائیکرون 28 فروری سے ایک عارضی عمارت سے اپنا کام شروع کردیگا۔ مائیکرو نے آئندہ پانچ سال کے دوران 3,820 کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ 6,228 کروڑ روپئے مالیتی برآمدات کئے جائیں گے۔ اس کمپنی نے آئندہ پانچ سال میں 5000 افراد کو ملازمتوں کی فراہمی کا یقین دلایا ہے۔ ان میں 3500 مرد ور 1500 خواتین ہوں گی۔صنعتی ذرائع نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ کی خدمات کے عالمی ادارہ کشمین اینڈ وینکلیڈ نے مائیکرون اور فنیکس کے درمیان معاملت کروایا ہے۔ریاستی آئی ٹی سکریٹری جئیش رنجن نے کہا کہ مائیکرون نے حیدرآباد تک وسعت دینے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔